منگل، 30-دسمبر،2025
منگل 1447/07/10هـ (30-12-2025م)

ٹرمپ کی تہران پر قیامت برپا کرنے کی دھمکی پر ایران کا سخت ردعمل سامنے آگیا

30 دسمبر, 2025 18:18

ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تہران پر شدید نتائج کی دھمکی پر سخت ردعمل ظاہر کر دیا ہے۔ ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اگر ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کی گئی تو اس کا انتہائی سخت اور فوری جواب دیا جائے گا۔

ایرانی صدر کا کہنا تھا کہ ایران اپنی خودمختاری اور قومی سلامتی کے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مؤثر انداز میں مقابلہ کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران دباؤ یا دھمکیوں کے آگے جھکنے والا نہیں ہے۔

ٹرمپ کی نئی وارننگ

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر ایران کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے جوہری تنصیبات کی تعمیر جاری رکھی تو اس کے انتہائی سنگین نتائج سامنے آئیں گے۔

فلوریڈا میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران دوبارہ جوہری ڈھانچے کی بحالی کی کوششوں میں مصروف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران نے اپنے جوہری پروگرام کو نہ روکا تو امریکا فوری حملوں کی حمایت کرے گا۔ صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کی جانب سے جوہری سرگرمیوں کی بحالی کی صورت میں انہیں تباہ کرنا ناگزیر ہو جائے گا۔

معاہدے پر زور

امریکی صدر نے اس موقع پر اس بات پر بھی زور دیا کہ ایران کو کسی نئے معاہدے پر آ جانا چاہیے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض اوقات معاملات امید کے مطابق آگے نہیں بڑھ پاتے۔

بڑھتی کشیدگی

بین الاقوامی مبصرین کے مطابق امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ بیانات کے بعد خطے میں کشیدگی میں واضح اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، جبکہ جوہری پروگرام ایک بار پھر عالمی سیاست کا مرکزی موضوع بن چکا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔