بھارت کا جنگی جنون، پاکستان کی سرحد کے قریب بڑے پیمانے پر فضائی مشقوں کا اعلان

بھارت نے ایک بار پھر خطے کے امن کو خطرے میں ڈالتے ہوئے پاکستان کی سرحد کے قریب بڑے پیمانے پر فضائی مشقوں کا اعلان کر دیا ہے۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ اقدام جنوبی ایشیا میں کشیدگی بڑھانے کی دانستہ کوشش ہے۔
بھارتی فضائیہ نے ریاست گجرات کے سرحدی علاقے کچھ میں 20 اور 21 جنوری کو فضائی مشقیں کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بھارت نے نوٹس ٹو ایئر مین (نوٹم) جاری کرتے ہوئے متعلقہ فضائی حدود کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ان مشقوں میں جدید جنگی طیارے شامل ہوں گے، جن میں رافیل، سخوئی 30 ایم کے آئی اور جیگوار شامل ہیں۔ ان مشقوں کے دوران تیز رفتار پروازیں، فضائی لڑائی کی مشق اور ممکنہ طور پر لائیو فائرنگ یا بمباری کی تربیت بھی کی جائے گی۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ مشقیں ایسے وقت میں کی جا رہی ہیں جب بھارت کو اندرونی سیاسی دباؤ، معاشی سست روی اور عالمی سطح پر سفارتی تنہائی کا سامنا ہے۔ سرحد کے قریب اس نوعیت کی عسکری سرگرمیاں خطے کے امن اور استحکام کے لیے شدید خطرہ ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فضائی مشقوں کا دائرہ بحیرہ عرب، سر کریک، راجکوٹ اور احمد آباد کے حساس علاقوں تک پھیلا ہوا ہے، جو براہِ راست پاکستان کی سلامتی سے جڑے ہوئے ہیں۔
پاکستانی دفاعی حلقوں کے مطابق پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور خطے میں امن کا خواہاں ہے، تاہم کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












