5 بڑی سیاسی و ریاستی شخصیات میں اعتماد سازی سے ملک درست سمت میں جا سکتا ہے: رانا ثنا اللہ

5 بڑی سیاسی و ریاستی شخصیات میں اعتماد سازی سے ملک درست سمت میں جا سکتا ہے: رانا ثنا اللہ
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اگر پاکستان کی 5 بڑی سیاسی و ریاستی شخصیات کے درمیان اعتماد سازی کا عمل شروع ہو جائے تو ملک درست سمت میں آگے بڑھ سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے نجی ٹی وی پروگرام میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ 2025 کے دوران معیشت کے حوالے سے مثبت پیش رفت دیکھنے میں آئی، جبکہ انہیں امید ہے کہ 2026 پاکستان کے لیے مزید معاشی بہتری اور استحکام لے کر آئے گا۔
انہوں نے سوشل میڈیا پر ریاستی اداروں کے خلاف چلائی جانے والی مہمات پر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اکاؤنٹس کو بند ہونا چاہیے، پی ٹی آئی کی قیادت یہ مؤقف اختیار کر کے بری الذمہ نہیں ہو سکتی کہ ان اکاؤنٹس سے ان کا کوئی تعلق یا کنٹرول نہیں۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ واضح طور پر ان سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے لاتعلقی کا اعلان کرے اور انہیں بند کروائے، اگر سیاسی تنقید کرنی ہے تو وہ مخالف جماعتوں یا رہنماؤں تک محدود رکھی جائے، اداروں کو نشانہ نہ بنایا جائے۔
مشیرِ وزیراعظم نے پی ٹی آئی کی جانب سے 8 فروری کو دی جانے والی احتجاجی اپیل کو ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ نہ تو پہیہ جام ہوگا اور نہ ہی اس سے پارٹی کو کوئی فائدہ پہنچے گا، بلکہ اس کے نتائج مزید نقصان کی صورت میں نکلیں گے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر 8 فروری کو سڑکیں بند کرنے کی کوشش کی گئی تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، جس کے بعد احتجاج کرنے والے خود شکوہ کرتے نظر آئیں گے۔
رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی سے احتجاج کی کال واپس لینے کا مطالبہ بھی کیا۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر انہوں نے ایک بار پھر زور دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں حقیقی پیش رفت اس وقت تک ممکن نہیں جب تک نواز شریف، شہباز شریف، آصف علی زرداری، عمران خان اور ایک اہم ریاستی شخصیت کے درمیان سنجیدہ رابطہ اور اعتماد سازی نہ ہو۔ ان کے مطابق چند افراد کے غیر رسمی رابطوں سے کوئی بڑا بریک تھرو ممکن نہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









