اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت اور تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ کے پی

اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بات چیت اور تعلقات بہتر کرنے کے لیے تیار ہیں، وزیراعلیٰ کے پی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وہ صوبے سے متعلق امور پر اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے اور تعاون بڑھانے کے لیے آمادہ ہیں،بہتر حکمرانی کے لیے تمام اداروں اور فریقین کو عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے انہیں اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا کوئی مینڈیٹ نہیں دیا گیا۔ بات چیت کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو سونپی گئی ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر کسی سرکاری تقریب یا اجلاس کا موقع ملا تو وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات ضرور کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی ناگزیر ہے اور عمران خان کی رہائی کے لیے سازگار سیاسی ماحول اور سنجیدہ مذاکرات ضروری ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی سیاسی سرگرمیاں ان کا حق ہیں اور وہ اپنے بھائی کی رہائی کے لیے جدوجہد کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کراچی جانے کا مقصد عوام کو متحرک کرنا اور عمران خان کی رہائی کے لیے حمایت حاصل کرنا ہے۔
لاہور کے دورے سے متعلق بات کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے تسلیم کیا کہ ان سے نامناسب زبان کا استعمال ہوا، تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ یہ ردِعمل میں ہوا۔ انہوں نے اس معاملے پر پہلے ہی معذرت کر لی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










