کراچی میں لرزہ خیز واقعہ، مین ہول سے چار لاشیں برآمد

کراچی: مین ہول سے ملنے والی چار لاشوں کا قاتل پکڑا گیا
کراچی کے علاقے مائی کلاچی پھاٹک کے قریب ایک خشک مین ہول سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ لاشیں کئی روز سے وہاں موجود تھیں۔ مرنے والوں میں ایک مرد، دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ ابتدائی شواہد سے معلوم ہوتا ہے کہ افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق جس مین ہول سے لاشیں ملی ہیں وہاں خون کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ اے ایس پی کیماڑی نے بتایا کہ لاشیں بری طرح متاثر ہو چکی تھیں، جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی پوسٹ مارٹم کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔
پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق چاروں افراد کے جسموں پر تشدد اور بھاری چیز لگنے کے آثار موجود ہیں، جن میں ایک عمر رسیدہ خاتون بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کو چھپانے کے لیے انہیں مین ہول میں رکھ کر اوپر کمبل اور وزنی پتھر رکھے گئے تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے پولیس اور متعلقہ اداروں کو فوری اور جامع تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا اور متاثرہ خاندانوں کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج بھی حاصل کی جا رہی ہے۔ ایدھی حکام نے بتایا کہ لاشوں کو شناخت کے لیے سرد خانے منتقل کر دیا گیا ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









