مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی ہی رکاوٹ ہیں، رانا ثنا اللہ

مذاکرات میں بانی پی ٹی آئی ہی رکاوٹ ہیں، رانا ثنا اللہ
اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں مذاکرات کے راستے میں سب سے بڑی رکاوٹ خود بانی پی ٹی آئی عمران خان ہیں، جبکہ حکومت کی جانب سے بات چیت کے لیے کسی قسم کا ابہام موجود نہیں۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی پیشکش سوچ سمجھ کر کی ہے اور یہ ممکن نہیں کہ اس معاملے میں قائد نواز شریف یا دیگر اہم اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں نہ لیا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نچلی سطح کی قیادت مذاکرات کی بات تو کرتی ہے، مگر جب تک بانی پی ٹی آئی کی جانب سے واضح پالیسی اور اختیار نہیں دیا جاتا، اس وقت تک کسی بھی ملاقات یا رابطے کا کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہو سکتا۔ عمران خان نے نہ تو کسی کو بااختیار بنایا ہے اور نہ ہی مذاکرات کی اجازت دی ہے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے پہیہ جام ہڑتال جیسے پیغامات سامنے آ رہے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اصل مسئلہ مذاکرات نہیں بلکہ محاذ آرائی ہے۔ عمران خان ماضی میں بھی بات چیت کے عمل میں رکاوٹ بنتے رہے ہیں اور آج بھی صورتحال مختلف نہیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر واقعی مذاکرات کی نیت ہے تو پی ٹی آئی قیادت واضح طور پر وزیراعظم کی پیشکش کو قبول کیوں نہیں کرتی۔ وزیراعظم تو یہاں تک کہہ چکے ہیں کہ اگر اپوزیشن ان کے دفتر نہیں آ سکتی تو وہ خود اسپیکر چیمبر میں آ کر ملاقات کے لیے تیار ہیں، اور اس سلسلے میں کوئی شرط بھی عائد نہیں کی گئی۔
مشیر سیاسی امور نے کہا کہ بجٹ کے موقع پر بھی حکومت نے مذاکرات کا عندیہ دیا تھا، تاہم اس وقت بھی پی ٹی آئی کی جانب سے یہی مؤقف سامنے آیا کہ اجازت کے بغیر بات چیت ممکن نہیں۔ اسپیکر آفس میں بات چیت کے ذریعے وزیراعظم سے ملاقات کا بندوبست ہو سکتا ہے، جہاں دونوں فریق اپنا مؤقف پیش کر سکتے ہیں۔
رانا ثنا اللہ کے مطابق اب معاملہ قومی اسمبلی کے اسپیکر اور اپوزیشن لیڈر کے فیصلے کی طرف بڑھ رہا ہے، اپوزیشن کی درخواست پر فیصلہ ہو چکا ہے اور اس کی کاپی اسپیکر آفس میں جمع کرا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے کبھی کسی کو مذاکرات سے باہر رکھنے کی کوشش نہیں کی، بلکہ خود حکومت کو مائنس کرنے کی کوششیں کی جاتی رہی ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی واقعی مسائل کا حل چاہتی ہے تو وزیراعظم سے براہ راست مذاکرات کرے، اس کے بعد جو بھی معاملات ہوں، بات چیت کے ذریعے حل کیے جا سکتے ہیں۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










