جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

03 جنوری, 2026 11:23

پنجاب میں سرکاری ملازمین سے متعلق قوانین میں اہم تبدیلی کی جانب پیش رفت ہوئی ہے۔

 حکومت نے ریٹائرمنٹ سے جڑی کارروائیوں کو بروقت مکمل کرنے کے لیے ایک نیا ترمیمی بل پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا ہے۔ اس بل کا مقصد ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کے خلاف جاری انکوائریوں اور کارروائیوں کے لیے واضح وقت کی حد مقرر کرنا ہے تاکہ برسوں تک لٹکے معاملات کا خاتمہ ہو سکے۔

مجوزہ قانون کے مطابق سرکاری ملازم کی ریٹائرمنٹ سے متعلق تمام قانونی کارروائی زیادہ سے زیادہ دو سال کے اندر مکمل کرنا لازم ہوگا۔ اگر اس مدت میں کیس نمٹایا نہ جا سکا تو مجاز اتھارٹی کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ تحریری وجوہات کے ساتھ کارروائی کی مدت میں توسیع دے سکے۔ اس شق کا مقصد یہ ہے کہ تکنیکی یا قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے کیسز ختم نہ ہوں۔

یہ ترمیمی بل پنجاب ایمپلائز ایفیشنسی، ڈسپلن اینڈ اکاؤنٹیبلٹی ایکٹ 2025 کے تحت پیش کیا گیا ہے، جسے مزید غور و خوض کے لیے پنجاب اسمبلی کی متعلقہ اسٹینڈنگ کمیٹی کے سپرد کر دیا گیا ہے۔ کمیٹی بل کا تفصیلی جائزہ لے کر اپنی سفارشات مرتب کرے گی، جس کے بعد اسے دوبارہ اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔

بل کے متن کے مطابق اس قانون سازی سے ان مقدمات کا مسئلہ بھی حل ہو سکے گا جو عدالتی فیصلوں یا وقت کی غیر واضح حد کے باعث ختم ہو جاتے تھے۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ اس اقدام سے احتساب کا عمل مضبوط ہوگا اور سرکاری نظام میں شفافیت بڑھے گی۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔