کورنگی مہران ٹاؤن میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد نالے میں گرگئے

کورنگی مہران ٹاؤن میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد نالے میں گرگئے
کراچی کے علاقے کورنگی مہران ٹاؤن میں افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں نکاسیٔ آب کے لیے بنائے گئے نالے کی چھت ٹوٹنے کے باعث خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد نالے میں گر گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق نالے کی چھت ایک جگہ سے خستہ حالت میں تھی جو اچانک ٹوٹ گئی، جس کے نتیجے میں وہاں سے گزرنے والے تمام افراد نالے میں جا گرے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور کارروائی شروع کی۔
ریسکیو اہلکاروں نے خاتون سمیت 3 افراد کو بے ہوشی کی حالت میں نالے سے نکال کر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ دیگر افراد کو معمولی چوٹیں آئیں جنہیں موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد دی گئی۔
علاقہ مکینوں نے انتظامیہ کی غفلت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ نالوں کی ٹوٹی ہوئی چھتوں کی فوری مرمت کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









