پاک چین وزرائے خارجہ کا اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کا مشترکہ اعلامیہ جاری

پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کا مشترکہ اعلامیہ
بیجنگ: چین کے وزیر خارجہ کی دعوت پر پاکستان کے نائب وزیراعظم نے بیجنگ کا دورہ کیا، جہاں دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے ساتویں دور کی مشترکہ صدارت کی۔ مشترکہ اعلامیہ کے مطابق فریقین نے دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے مختلف شعبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسٹریٹجک و سیاسی تعاون، دفاع، معیشت، تجارت، سرمایہ کاری اور ثقافتی روابط سمیت مختلف شعبوں میں بات چیت ہوئی۔ دونوں فریقین نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ اسٹریٹجک روابط مزید مضبوط بنائے جائیں اور باہمی اعتماد کو فروغ دیا جائے۔
اعلامیے کے مطابق، پاک چین دونوں ممالک مشترکہ مفادات کے تحفظ، سماجی و اقتصادی ترقی اور دنیا میں امن و خوشحالی کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔ فریقین نے 2026 میں سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات کے آغاز کا بھی اعلان کیا، جس کا مقصد پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانا اور تعاون کے نئے شعبوں کو فروغ دینا ہے۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ چین اور پاکستان "آہنی دوست” ہیں اور ہر دور میں باہمی اعتماد پر مبنی اسٹریٹجک شراکت داری کے حامل رہے ہیں۔ دونوں ممالک نے مضبوط تعلقات کو علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے انتہائی اہم قرار دیا اور اعلیٰ سطح کے روابط کو دوطرفہ تعلقات کی نمایاں خصوصیت قرار دیا۔
مزید برآں، دونوں ممالک نے 5 سالہ ایکشن پلان کے تحت مشترکہ مستقبل کی پاک چین کمیونٹی کی تعمیر کو ترجیح دینے پر بھی اتفاق کیا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












