جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

کراچی: سول اسپتال سے تین ماہ کا شیر خوار بچہ پراسرار طور پر اغوا

06 جنوری, 2026 08:45

کراچی کے سول اسپتال میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں تین ماہ کا شیر خوار بچہ مبینہ طور پر اغوا کر لیا گیا۔

متاثرہ خاندان کے مطابق ایک خاتون اور اس کے ساتھی نے علاج کا جھانسہ دے کر بچے کی والدہ کو اسپتال بلایا اور موقع ملتے ہی بچے کو لے کر فرار ہو گئے۔

 رابعہ نامی خاتون 24 دسمبر کو اپنے تین ماہ کے جڑواں بچوں کو علاج کی غرض سے اسپتال لے جا رہی تھیں۔ سفر کے دوران میراناکہ کے قریب بچوں کو بھوک لگنے پر وہ رک گئیں اور فیڈر کے ذریعے دودھ پلانے لگیں۔

اسی دوران ایک اجنبی خاتون وہاں پہنچی جس نے بچوں کے علاج میں مدد اور مکمل ذمہ داری اٹھانے کی پیشکش کی۔ خاتون نے اگلے روز سول اسپتال میں ملاقات کا وعدہ بھی کیا۔

اگلے دن رابعہ اپنے بچوں کے ساتھ سول اسپتال پہنچیں جہاں دونوں بچوں کو بچہ وارڈ میں داخل کر کے ابتدائی طبی امداد دی گئی۔ کچھ دیر بعد ڈاکٹروں نے بچوں کو گھر منتقل کر کے علاج جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔

والدہ کے مطابق جب ڈسچارج کا عمل مکمل کیا جا رہا تھا تو وہ نامعلوم خاتون اچانک ایک بچے کو ساتھ لے کر غائب ہو گئی، جبکہ دوسرا بچہ والدہ کے پاس موجود رہا۔

واقعے کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی، جس کے بعد اغوا کا مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ تاہم اب تک بچے کا کوئی سراغ نہیں مل سکا، جبکہ متاثرہ خاندان حکام سے فوری کارروائی اور بچے کی بحفاظت بازیابی کا مطالبہ کر رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔