وینزویلا میں فوجی کارروائی یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے: پاکستان

وینزویلا میں فوجی کارروائی یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے: پاکستان
پاکستان نے وینزویلا میں کی گئی امریکی فوجی کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے اور عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی راستہ اختیار کیا جائے۔
وینزویلا کی بگڑتی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے قائم مقام مستقل مندوب عثمان جدون نے کہا کہ کیریبین خطے میں عدم استحکام نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب دنیا پہلے ہی متعدد بحرانوں کا سامنا کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا چارٹر تمام ریاستوں کو اس بات کا پابند بناتا ہے کہ وہ کسی بھی ملک کی خودمختاری، سرحدی سالمیت یا سیاسی آزادی کے خلاف طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی سے گریز کریں، جبکہ کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی بھی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ یکطرفہ فوجی اقدامات نہ صرف یو این چارٹر بلکہ ریاستی خودمختاری کے بنیادی اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہیں۔ اس طرح کے اقدامات عالمی قوانین پر مبنی نظام کو کمزور کر سکتے ہیں۔
عثمان جدون نے خبردار کیا کہ طاقت کے استعمال کے نتائج طویل المدت اور غیر متوقع ہو سکتے ہیں، جو مستقبل میں مزید عدم استحکام اور تنازعات کو جنم دے سکتے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ موجودہ نازک حالات میں بات چیت، تحمل اور سفارتکاری ہی آگے بڑھنے کا واحد مؤثر راستہ ہے۔ پاکستان نے تمام فریقین سے کشیدگی کم کرنے، صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے اور پُرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر عمل کرنے کی اپیل کی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












