بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

سونے کی قیمت سے متعلق تشویشناک خبر آگئی

06 جنوری, 2026 10:59

عالمی مالیاتی ادارے اور سرمایہ کاری بینکس سال 2026 میں سونے اور چاندی کی قیمتوں کے حوالے سے مثبت رجحان کا اظہار کر رہے ہیں۔

اگرچہ سوشل میڈیا پر قیمتوں میں کمی یا بڑی اصلاح کی باتیں کی جا رہی ہیں، مگر ماہرین کا کہنا ہے کہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ عالمی معیشت کی غیر یقینی صورتحال، سود کی شرحیں، امریکی ڈالر کی قدر اور جیوپولیٹیکل کشیدگی قیمتی دھاتوں کی قیمتوں کو مسلسل سہارا دے رہی ہیں۔

کراچی گولڈ ایسوسی ایشن کے سینئر رکن عبداللہ چاند کے مطابق اس وقت عالمی اور مقامی مارکیٹ میں سونا اور چاندی واضح طور پر تیزی کی حالت میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں نمایاں کمی کا کوئی مضبوط یا مستند اشارہ موجود نہیں۔ حالیہ دنوں میں عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت میں ایک ہی دن میں تقریباً 100 ڈالر تک اضافہ دیکھا گیا، جبکہ ٹریڈنگ کے دوران بھی قیمتیں مستحکم رہیں، جو مضبوط طلب کی نشاندہی کرتی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں بہتری آئی ہے۔ عالمی سطح پر چاندی چند دنوں میں 4 ڈالر تک بڑھی اور 76 ڈالر کے قریب پہنچی، جس کے بعد معمولی کمی کے باوجود قیمتیں بلند سطح پر برقرار ہیں۔ یہ رجحان ظاہر کرتا ہے کہ سرمایہ کار سونے کے ساتھ ساتھ چاندی میں بھی دلچسپی لے رہے ہیں۔

عبداللہ چاند کے مطابق دنیا بھر میں جیوپولیٹیکل حالات اب بھی غیر یقینی ہیں۔ ایک خطے میں کشیدگی کم ہوتی ہے تو کسی دوسرے حصے میں نیا تنازع کھڑا ہو جاتا ہے۔ خاص طور پر امریکا اور وینزویلا کے درمیان بڑھتا ہوا تناؤ عالمی مارکیٹ پر اثر ڈال سکتا ہے۔ وینزویلا کے وسیع تیل ذخائر اور چین، روس، ایران اور سعودی عرب جیسے ممالک کی دلچسپی صورتحال کو مزید حساس بنا رہی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کسی مرحلے پر فوجی کارروائی یا بڑا سیاسی بحران پیدا ہوا تو سرمایہ کار روایتی طور پر محفوظ سرمایہ کاری کی طرف جائیں گے، جس کا براہ راست فائدہ سونے اور چاندی کو ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ امریکا میں معاشی دباؤ اور ڈالر کی ممکنہ کمزوری بھی سونے کی قیمت کو مزید اوپر لے جا سکتی ہے۔

چاندی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صنعتی شعبے، نئی ٹیکنالوجی اور الیکٹرانکس کی بڑھتی ہوئی طلب اس دھات کو اضافی سہارا دے رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ چاندی کی قیمتوں میں بھی بتدریج اضافے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

عبداللہ چاند کے مطابق اگر عالمی حالات موجودہ انداز میں برقرار رہے تو سال کے اختتام تک پاکستان میں سونے کی قیمت 6 لاکھ روپے فی تولہ تک پہنچ سکتی ہے۔ دوسری جانب راولپنڈی صرافہ ایسوسی ایشن کے رکن محمد مجتبیٰ کا کہنا ہے کہ 2026 کے آغاز میں قیمتوں میں کچھ اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے، تاہم مجموعی سمت تیزی کی ہی رہے گی اور بڑی کمی کے امکانات کم ہیں۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔