جمعرات، 15-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

پاکستانیوں کیلئے سنہری موقع!!! جاپان نے زبردست اعلان کردیا

08 جنوری, 2026 10:52

حکومتِ جاپان نے پاکستانی اساتذہ کے لیے میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ 2026 کا اعلان کر دیا ہے۔

 میکسٹ ٹیچرز ٹریننگ اسکالرشپ کا مقصد اسکول ایجوکیشن سے وابستہ اساتذہ کو جدید تدریسی طریقوں اور تحقیقی مہارتوں سے روشناس کروانا ہے۔ منتخب اساتذہ کو جاپان کی جامعات میں جا کر عملی تربیت اور تحقیق کا موقع دیا جائے گا، تاکہ وہ اپنے شعبے میں مزید بہتری لا سکیں۔

اعلامیے کے مطابق یہ اسکالرشپ کسی ڈگری پروگرام پر مشتمل نہیں ہے۔ اس کے تحت شرکا نان ڈگری ٹیچرز ٹریننگ اور ریسرچ پروگرام میں شامل ہوں گے۔ یہ پروگرام خاص طور پر پیشہ ورانہ تربیت کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ پروگرام مکمل کرنے پر شرکا کو سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، جو ان کی تربیت اور تحقیق کا ثبوت ہوگا۔

یہ اسکالرشپ جاپان کی وزارتِ تعلیم، ثقافت، کھیل، سائنس اور ٹیکنالوجی (میکسٹ) فراہم کر رہی ہے۔ پروگرام عموماً اکتوبر میں شروع ہوتا ہے۔ اس سے قبل منتخب امیدواروں کو جاپانی زبان کی ابتدائی تربیت بھی دی جائے گی، کیونکہ زیادہ تر تعلیمی اور تحقیقی سرگرمیاں جاپانی زبان میں ہوتی ہیں۔

اہلیت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ درخواست گزار کی تاریخ پیدائش 2 اپریل 1991 یا اس کے بعد کی ہونی چاہیے۔ امیدوار کے پاس یونیورسٹی ڈگری یا تسلیم شدہ ٹیچر ٹریننگ کی اہلیت ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ یکم اکتوبر 2026 تک پرائمری یا سیکنڈری سطح پر، یا کسی ٹیچر ٹریننگ ادارے میں کم از کم پانچ سال کا تدریسی تجربہ ہونا لازمی ہے۔ یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اس اسکالرشپ کے لیے اہل نہیں ہوں گے۔

اعلامیے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ امیدوار میں یہ صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک جاپان کے تعلیمی اور ثقافتی ماحول میں رہ کر کام کر سکے۔ جاپانی زبان سیکھنے کی خواہش اور آمادگی کو بھی اہم شرط قرار دیا گیا ہے۔

درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 فروری 2026 مقرر کی گئی ہے۔ اسکالرشپ سے متعلق مزید تفصیلات اور درخواست دینے کا مکمل طریقہ کار پاکستان میں جاپان کے سفارت خانے کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔