امریکی صدر اپنے ملک کے معاملات پر فوکس کریں، ایرانی سپریم لیڈر کا دو ٹوک پیغام

تاریخی مظاہروں نے دشمنوں کے عزائم خاک میں ملا دیے: آیت اللہ خامنہ ای
تہران: ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے امریکا کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی صدر کو دوسرے ممالک کے معاملات میں مداخلت کے بجائے اپنے ملک کے داخلی مسائل پر توجہ دینی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کے ہاتھ ہزاروں ایرانیوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں، اس لیے انسانی حقوق پر لیکچر دینا اسے زیب نہیں دیتا۔
سید علی خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ایران کسی بھی قسم کے دباؤ کے آگے جھکنے والا ملک نہیں اور نہ ہی اپنے اصولوں سے ایک انچ پیچھے ہٹے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنی خودمختاری اور وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا، چاہے دباؤ کتنا ہی بڑھا دیا جائے۔
ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے غیر ملکی ایجنڈے پر کام کرنے والوں کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران ایسے عناصر کو ہرگز برداشت نہیں کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ فسادی عناصر امریکا کو خوش کرنے کے لیے عوامی املاک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جسے کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔
سید علی خامنہ ای نے اس بات پر زور دیا کہ ایرانی قوم دشمنوں کے سامنے کبھی سر نہیں جھکائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی اتحاد ایران کی سب سے بڑی طاقت ہے اور ایک متحد قوم ہر جارحیت اور سازش کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای نے نوجوان نسل کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی ترقی اور استحکام میں نوجوانوں کا کردار کلیدی ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ باہمی اتحاد اور خود اعتمادی کے ساتھ ایران ہر چیلنج کا مقابلہ کرے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












