بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی فہرست جاری؛ پاکستان کا نمبر کونسا؟

14 جنوری, 2026 10:34

معروف عالمی ادارے ہینلے پاسپورٹ انڈیکس نے سال 2026 کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی نئی درجہ بندی جاری کر دی ہے۔

 اس فہرست میں مختلف ممالک کے پاسپورٹس کو ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سہولت کی بنیاد پر شامل کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جن پاسپورٹس پر زیادہ ممالک میں بغیر ویزا سفر ممکن ہے، انہیں اعلیٰ درجہ دیا گیا ہے۔

اس سال ایشیائی ممالک نے نمایاں برتری حاصل کی ہے۔ فہرست میں سنگاپور پہلے نمبر پر رہا ہے۔ سنگاپور کے شہری 192 ممالک اور خطوں میں بغیر ویزا یا ویزا آن ارائیول سفر کر سکتے ہیں۔ دوسرے نمبر پر جاپان اور جنوبی کوریا مشترکہ طور پر موجود ہیں، جہاں کے پاسپورٹس پر 188 ممالک تک رسائی حاصل ہے۔

تیسرے نمبر پر یورپ کے پانچ ممالک ڈنمارک، لکسمبرگ، اسپین، سویڈن اور سوئٹزرلینڈ شامل ہیں۔ ان ممالک کے شہری 186 ممالک میں ویزا فری سفر کی سہولت رکھتے ہیں۔ چوتھی پوزیشن پر جرمنی، فرانس، اٹلی، نیدرلینڈز سمیت دس یورپی ممالک مشترکہ طور پر موجود ہیں، جن کے پاسپورٹس پر 185 ممالک میں بغیر ویزا جانا ممکن ہے۔

متحدہ عرب امارات نے اس فہرست میں نمایاں بہتری دکھائی ہے اور پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 2006 کے بعد یو اے ای نے 149 نئی ویزا فری منزلیں حاصل کیں، جس کے باعث اس کی عالمی رینکنگ میں نمایاں اضافہ ہوا۔

دوسری جانب برطانیہ کو رواں سال درجہ بندی میں نقصان اٹھانا پڑا اور وہ ساتویں نمبر پر آ گیا ہے، جہاں سے 182 ممالک تک ویزا فری رسائی حاصل ہے۔ امریکا بھی مسلسل تنزلی کا شکار ہے اور اس سال دسویں نمبر پر رہا، جس کے شہری 179 ممالک میں بغیر ویزا سفر کر سکتے ہیں۔

فہرست کے نچلے حصے میں افغانستان 101ویں نمبر پر ہے، جہاں کے پاسپورٹ پر صرف 24 ممالک میں ویزا فری سفر ممکن ہے۔ اس کے بعد شام اور عراق بالترتیب 100 اور 99ویں نمبر پر ہیں۔ پاکستان یمن کے ساتھ مشترکہ طور پر 98ویں نمبر پر موجود ہے، جس سے پاکستانی پاسپورٹ کی عالمی حیثیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔