بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود 100 سے زائد بچے شہید

14 جنوری, 2026 10:46

غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیلی فضائی حملوں اور زمینی کارروائیوں میں بچوں کی ہلاکتیں سامنے آ رہی ہیں۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق اب تک کم از کم 100 فلسطینی بچے جان سے جا چکے ہیں، جس پر عالمی اداروں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسیف کا کہنا ہے کہ اکتوبر کے اوائل سے اسرائیلی قبضے میں موجود فلسطینی علاقوں میں کم از کم 60 لڑکے اور 40 لڑکیاں مارے جا چکے ہیں۔ جینیوا میں یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر نے صحافیوں کو بتایا کہ جنگ بندی کے بعد بھی غزہ میں تقریباً ہر روز ایک بچہ یا بچی ہلاک ہو رہی ہے۔

یونیسیف کے مطابق غزہ میں بچوں کو فضائی حملوں، ٹینکوں کی گولہ باری، براہِ راست فائرنگ، خودکش ڈرون حملوں اور کواڈ کاپٹرز کے ذریعے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ جیمز ایلڈر نے کہا کہ ایسی جنگ بندی جس میں بمباری کی رفتار تو کم ہو مگر بچے ملبے تلے دب کر جان سے جاتے رہیں، اس کا کوئی حقیقی فائدہ نہیں۔

دوسری جانب غزہ کی وزارتِ صحت کے ایک اہلکار نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کمزور جنگ بندی کے دوران بچوں کی ہلاکتوں کی تعداد 165 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ مجموعی طور پر 442 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق زمینی صورتحال اب بھی انتہائی سنگین ہے اور شہری آبادی کو مسلسل خطرات کا سامنا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔