بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی کی رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات کا انکشاف

14 جنوری, 2026 10:52

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کی شاہِ ایران کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق یہ ملاقات ویک اینڈ پر ہوئی جس میں ایران میں جاری مظاہروں اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق ایران میں حالیہ پُرتشدد مظاہروں کے بعد یہ ایرانی حکومت مخالف شخصیت اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان پہلی اعلیٰ سطحی ملاقات ہے۔ اس ملاقات کو ایران کے داخلی معاملات کے تناظر میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل گزشتہ ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عندیہ دیا تھا کہ وہ رضا پہلوی سے ملاقات کا ارادہ نہیں رکھتے۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ رضا پہلوی ایک اچھے انسان دکھائی دیتے ہیں، تاہم موجودہ حالات میں ملاقات مناسب نہیں ہوگی۔

یاد رہے کہ رضا پہلوی نے ایران میں مہنگائی اور معاشی بحران کے خلاف جاری مظاہروں کے دوران عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ سڑکوں پر نکل کر احتجاج کریں۔ ان کی اس اپیل کے بعد ایران میں مظاہروں میں شدت دیکھی گئی تھی۔

رضا پہلوی کو پیدائش کے بعد ہی اپنے والد، ایران کے آخری بادشاہ، کا جانشین سمجھا جاتا تھا۔ سنہ 1979 میں وہ امریکا میں لڑاکا طیارے اڑانے کی تربیت حاصل کر رہے تھے، اسی دوران ایران میں انقلاب آیا اور ان کے والد کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ہفتوں سے جاری پُرتشدد مظاہروں کا سلسلہ رک چکا ہے اور ملک میں حالات آہستہ آہستہ معمول پر آ رہے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔