بدھ، 14-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

ٹیکس نہ دینے والے ہو جائیں تیار؛ بڑا فیصلہ ہوگیا

14 جنوری, 2026 16:43

پنجاب میں طویل عرصے سے ٹیکس ادا نہ کرنے والوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے حکومت نے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

 اس سلسلے میں پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے صوبے بھر میں خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے لیے رجسٹریشن لازمی قرار دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس نظام کو مضبوط بنانا اور محصولات میں اضافہ کرنا ہے۔

چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی معظم اقبال سپرا کی صدارت میں فیلڈ آپریشنز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تمام سروس فراہم کرنے والی کمپنیوں کو پی آر اے کے ساتھ رجسٹر ہونا ہوگا۔ اس کے ساتھ ساتھ ای آئی ایم ایس سسٹم میں اندراج اور بروقت ٹیکس ادائیگی کو بھی یقینی بنانا لازم ہوگا۔

اجلاس کے دوران صوبے میں ٹیکس وصولی کے اہداف اور ای آئی ایم ایس رجسٹریشن کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا۔ حکام نے بتایا کہ کچھ ڈویژنز کی کارکردگی مقررہ اہداف سے کم رہی ہے۔ اس پر چیئرمین پی آر اے نے سرگودھا اور بہاولپور ڈویژن کی کارکردگی پر تشویش کا اظہار کیا۔

چیئرمین پی آر اے نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں کام کرنے والی ٹیموں کی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مقصد کے تحت رواں ماہ فیلڈ اسٹاف کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام کا آغاز کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مؤثر نگرانی اور جدید نظام کے استعمال سے ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جا سکتی ہے۔

حکام کے مطابق آئندہ دنوں میں ٹیکس قوانین پر عملدرآمد کو مزید سخت کیا جائے گا۔ ایسے کاروبار اور کمپنیاں جو رجسٹریشن سے گریز کر رہی ہیں، ان کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ حکومت کا عزم ہے کہ صوبے میں شفاف اور منصفانہ ٹیکس نظام کو فروغ دیا جائے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔