ایران کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں: ٹرمپ

ایران کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں: ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں اجتماعی پھانسیوں سے متعلق اطلاعات درست نہیں اور فی الحال ایسی کسی کارروائی کا کوئی ارادہ نظر نہیں آتا۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اگر مظاہرین کے خلاف تشدد کا سلسلہ جاری رہا تو امریکا سخت ردِعمل دینے سے گریز نہیں کرے گا۔
وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق تازہ معلومات انتہائی معتبر ذرائع سے حاصل ہوئی ہیں، جن کے مطابق ہلاکتوں کا سلسلہ رُک چکا ہے اور پھانسیوں کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ اگر اس کے برعکس کچھ ہوا تو امریکا کا ردعمل شدید ہوگا۔
صدر ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ موصول ہونے والی اطلاعات درست ثابت ہوں گی، لیکن ساتھ ہی انہوں نے تہران کو ایک بار پھر خبردار کیا کہ عوامی احتجاج کو کچلنے کے لیے طاقت کا استعمال ناقابل قبول ہے۔
ایک سوال کے جواب میں کہ آیا ایران کے خلاف کسی ممکنہ کارروائی کا امکان ختم ہو چکا ہے، امریکی صدر نے کہا کہ صورتحال کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے اور ایران کے اقدامات کو دیکھ کر ہی آئندہ فیصلے کیے جائیں گے۔ حالیہ بیانات حوصلہ افزا ہیں، مگر اعتماد مکمل نہیں۔
اسی گفتگو میں صدر ٹرمپ نے وینزویلا سے متعلق بھی بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہاں ایک شخص کو خفیہ معلومات افشا کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پینٹاگون سے منسلک ایک کنٹریکٹر پر وینزویلا آپریشن سے متعلق حساس معلومات لیک کرنے کا الزام ہے۔
گرین لینڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو اس خطے کی ضرورت ہے اور آنے والے دنوں میں دیکھا جائے گا کہ اس معاملے پر کیا پیش رفت ہوتی ہے۔
صدر ٹرمپ نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ انہوں نے عالمی سطح پر تجارت کو بطور ذریعہ استعمال کرتے ہوئے آٹھ جنگوں کو روکنے میں کردار ادا کیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











