جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

موبائل فون خریدنے کے خواہشمند افراد کیلئے بڑی خبر آگئی

15 جنوری, 2026 11:02

درآمد شدہ موبائل فونز پر عائد ٹیکس میں کمی کے حوالے سے صارفین کو فی الحال کوئی ریلیف ملنے کا امکان نظر نہیں آ رہا۔

 ذرائع کے مطابق اس معاملے پر مختلف اداروں کے درمیان مشاورت تو ہوئی، تاہم کسی حتمی فیصلے تک پیشرفت نہ ہو سکی۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے فوری طور پر ٹیکس کم کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔

اسلام آباد میں وزارتِ آئی ٹی، پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ٹیلی کام آپریٹرز کے درمیان ہونے والے رابطوں کے باوجود موبائل فون ٹیکس میں کمی کا مطالبہ پورا نہ ہو سکا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائیو جی اسپیکٹرم نیلامی پالیسی کے ڈرافٹ میں بھی موبائل فونز پر ٹیکس سے متعلق کوئی واضح یقین دہانی شامل نہیں کی گئی۔

ٹیلی کام آپریٹرز کا مؤقف ہے کہ ملک میں فائیو جی سروس کے آغاز کے لیے فائیو جی موبائل فونز کی دستیابی ضروری ہے، جو موجودہ بلند ٹیکسز کے باعث عام صارف کی پہنچ سے باہر ہیں۔ اسی وجہ سے انہوں نے درآمدی موبائل فونز پر ٹیکس میں کمی کا مطالبہ کیا تھا، جس کی وزارتِ آئی ٹی اور پی ٹی اے نے بھی حمایت کی۔

تاہم ایف بی آر نے اس تجویز کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ہے کہ ٹیکس میں فوری کمی سے حکومتی محصولات متاثر ہوں گے اور مقررہ مالی اہداف حاصل کرنا مشکل ہو جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر اس بات پر قائم ہے کہ موبائل فون ٹیکس پر نظرثانی آئندہ بجٹ کے دوران کی جائے گی۔

ماہرین کے مطابق ٹیکس میں کمی نہ ہونے کی صورت میں اسمارٹ فونز کی قیمتیں بدستور بلند رہیں گی، جس سے ڈیجیٹل ترقی اور فائیو جی ٹیکنالوجی کے فروغ کو مشکلات کا سامنا رہ سکتا ہے۔ صارفین اب آئندہ بجٹ کی جانب دیکھ رہے ہیں، جہاں ممکنہ طور پر اس معاملے پر کوئی فیصلہ سامنے آ سکتا ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔