جمعرات، 15-جنوری،2026
جمعرات 1447/07/26هـ (15-01-2026م)

چکن کھانے کے شوقین افراد ہوجائیں ہوشیار!!! نئی تحقیق نے خطرے کی گھنٹی بجادی

15 جنوری, 2026 11:36

چکن کو طویل عرصے تک ایک صحت مند اور محفوظ غذا سمجھا جاتا رہا ہے، خاص طور پر اُن افراد کے لیے جو وزن کم کرنا چاہتے ہیں یا ورزش کرتے ہیں۔

تاہم حالیہ سائنسی تحقیق نے اس تاثر پر سوال اٹھا دیے ہیں۔ نئی رپورٹس کے مطابق چکن کا حد سے زیادہ استعمال انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔ تازہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جو افراد ہفتے میں 300 گرام سے زیادہ چکن کھاتے ہیں، اُن میں معدے اور آنتوں سے متعلق بیماریوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

 تحقیق کے نتائج کے مطابق ایسے افراد میں مختلف اقسام کے کینسر کا امکان بھی زیادہ پایا گیا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ خطرہ صرف معدے تک محدود نہیں بلکہ جگر، لبلبہ اور آنتوں کے دیگر مسائل سے بھی جُڑا ہوا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ چکن کو عموماً سرخ گوشت کے مقابلے میں بہتر غذا سمجھا جاتا ہے، لیکن تحقیق نے واضح کیا ہے کہ مقدار اور طریقہ استعمال دونوں نہایت اہم ہیں۔ تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ مردوں میں زیادہ مقدار میں چکن کھانے سے صحت کے سنگین مسائل کا خطرہ خواتین کے مقابلے میں زیادہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین غذائیت کا کہنا ہے کہ چکن بذاتِ خود بیماری کی وجہ نہیں بنتا، بلکہ مسئلہ اس کے زیادہ استعمال اور غلط پکانے کے طریقوں سے پیدا ہوتا ہے۔ خاص طور پر جب چکن کو زیادہ تیز آنچ پر فرائی یا گرل کیا جائے تو اس میں ایسے مضر کیمیکل بن سکتے ہیں جو انسانی ڈی این اے کو نقصان پہنچاتے ہیں۔

اس کے علاوہ پراسیس شدہ چکن اور پولٹری فارمنگ میں استعمال ہونے والی اینٹی بایوٹکس بھی صحت پر منفی اثرات ڈال سکتی ہیں۔ ماہرین مشورہ دیتے ہیں کہ چکن کو اعتدال کے ساتھ استعمال کیا جائے اور ہفتے میں 300 گرام تک کی مقدار نسبتاً محفوظ سمجھی جاتی ہے۔

صحت مند زندگی کے لیے ضروری ہے کہ خوراک میں صرف چکن پر انحصار نہ کیا جائے۔ مچھلی، انڈے، دالیں، سبزیاں اور فائبر سے بھرپور غذائیں روزمرہ خوراک کا حصہ ہونی چاہئیں تاکہ جسم کو متوازن غذائیت مل سکے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔