جمعہ، 16-جنوری،2026
جمعہ 1447/07/27هـ (16-01-2026م)

ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھانے والی عام عادات کون سی ہیں؟ نئی تحقیق نے سب کے ہوش اڑادیئے

16 جنوری, 2026 10:39

ماہرینِ صحت نے خبردار کیا ہے کہ روزانہ طویل وقت تک بیٹھے رہنا دل کی بیماریوں کا ایک بڑا سبب بن رہا ہے۔

حالیہ عالمی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جسمانی سرگرمی کی کمی دل کے امراض کے خطرات میں مسلسل اضافہ کر رہی ہے۔ اس تحقیق میں گلوبل برڈن آف ڈیزیز کے ڈیٹا کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس میں مختلف ممالک کے افراد کی روزمرہ سرگرمیوں، عادات اور صحت پر ان کے اثرات کو دیکھا گیا۔

تحقیق کے مطابق جو افراد روزانہ مناسب جسمانی سرگرمی اختیار کرتے ہیں، ان کی دل کی صحت بہتر رہتی ہے۔ اس کے برعکس، زیادہ دیر تک بیٹھنے والے افراد میں دل کی بیماریوں سے اموات کی شرح میں ہر سال نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ماہرین نے بتایا کہ مسلسل بیٹھنے کی عادت دل پر اضافی دباؤ ڈالتی ہے، جس سے ہارٹ اٹیک اور دیگر امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے ہزاروں افراد کے ڈیٹا کا موازنہ کیا۔ اس میں جسمانی طور پر متحرک اور غیر متحرک افراد کو شامل کیا گیا۔ نتائج سے واضح ہوا کہ جو لوگ باقاعدگی سے چلتے پھرتے یا ورزش کرتے ہیں، ان میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ غیر فعال افراد کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔ بعض کیسز میں یہ خطرہ 80 فیصد سے بھی زیادہ کم دیکھا گیا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تحقیق ایک واضح پیغام دیتی ہے۔ اگر دل کی بیماریوں سے بچنا ہے تو روزمرہ زندگی میں جسمانی حرکت کو لازمی بنانا ہوگا۔ تھوڑی سی واک، سیڑھیاں چڑھنا یا ہلکی پھلکی ورزش بھی صحت پر مثبت اثر ڈال سکتی ہے۔ ان کے مطابق دل کو صحت مند رکھنے کا آسان حل یہی ہے کہ بیٹھنے کا وقت کم اور حرکت کا وقت زیادہ کیا جائے۔

Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔