ٹرمپ امن منصوبہ: غزہ کے لیے قائم ’بورڈ آف پیس‘ کے ارکان سامنے آ گئے

ٹرمپ امن منصوبہ: غزہ کے لیے قائم ’بورڈ آف پیس‘ کے ارکان سامنے آ گئے
واشنگٹن: وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مجوزہ امن منصوبے کے تحت غزہ کے لیے تشکیل دیے گئے ’بورڈ آف پیس‘ کے ارکان کی فہرست جاری کر دی ہے۔
سرکاری بیان کے مطابق میجر جنرل جیسپر جیفرز کو عالمی استحکام فورس کی کمان سونپ دی گئی ہے، جو غزہ میں سلامتی کے معاملات کی نگرانی کریں گے۔ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر کو بھی اس اہم بورڈ کا رکن بنایا گیا ہے۔
آریے لائٹ اسٹون اور جوش گرون بام کو بورڈ کے سینئر مشیروں کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جبکہ اقوام متحدہ کے سابق سفارتکار نکولے ملادینوف کو ایگزیکٹو رکن مقرر کیا گیا ہے، جو غزہ کے لیے اعلیٰ نمائندے کے طور پر خدمات انجام دیں گے۔
اس کے علاوہ برطانیہ کے سابق وزیر اعظم ٹونی بلیئر، معروف سرمایہ کار مارک روون، عالمی بینک کے صدر اجے بنگا اور رابرٹ گیبریل بھی بورڈ آف پیس میں شامل ہیں۔
ٹرمپ منصوبے کے تحت قائم کیا گیا یہ بورڈ غزہ میں سیکیورٹی، انسانی امداد اور تعمیر نو کے عمل میں ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی اور انتظامی ڈھانچے میں اصلاحات کے لیے بھی کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے ایک روز قبل عندیہ دیا تھا کہ بورڈ آف پیس کے ارکان کے نام جلد عوام کے سامنے لائے جائیں گے، جس کے بعد اب باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









