امریکا نے پاکستان سمیت کئی ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ روکنے کا اعلان کردیا

امریکا نے پاکستان سمیت کئی ممالک کے لیے امیگرنٹ ویزا پراسیسنگ روکنے کا اعلان کردیا
امریکی حکام نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سمیت کئی ممالک کے شہریوں کے لیے امیگرنٹ ویزا سروس 21 جنوری سے عارضی طور پر معطل کردی جائے گی۔
پاکستان میں امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ امریکی محکمہ خارجہ نے نئی ہدایات کے تحت کیا ہے، جس کا مقصد ویزا درخواست گزاروں کی جانچ پڑتال کے عمل کو مزید سخت اور مؤثر بنانا ہے۔
بیان کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ امیگریشن نظام میں اعلیٰ ترین سکیورٹی معیار نافذ کرنے پر توجہ دے رہی ہے تاکہ امریکی عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔ اسی پالیسی کے تحت وزیر خارجہ مارکو روبیو نے امیگرنٹ ویزا سروس کی معطلی کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
امریکی سفارت خانے نے وضاحت کی ہے کہ امیگرنٹ ویزا کی سہولت اس وقت تک بحال نہیں کی جائے گی جب تک یہ تصدیق نہ ہو جائے کہ تمام نئے درخواست گزار مکمل اسکریننگ کے مراحل سے گزر چکے ہیں اور ویزا کے لیے درکار شرائط پر پورا اترتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس عمل میں یہ امر بھی شامل ہے کہ امریکا آنے والے افراد سرکاری مالی امداد پر انحصار نہ کریں۔
تاہم سفارت خانے نے واضح کیا ہے کہ یہ پابندی صرف امیگرنٹ ویزا پر لاگو ہوگی، جبکہ نان امیگرنٹ ویزا کی سہولت بدستور جاری رہے گی۔ سیاحتی، تعلیمی، کھیلوں، ہنرمند افراد اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ویزوں کا اجرا متاثر نہیں ہوگا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










