ایم اے جناح روڈ پر گل پلازہ میں آتشزدگی، 5 افراد جاں بحق، 20 زخمی، متعدد افراد کے پھنسے ہونے کی اطلاعات

کراچی کے علاقے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں شدید آگ لگنے کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے، جبکہ متعدد افراد کے عمارت میں پھنسے ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق شاپنگ پلازہ میں تیسرے درجے کی آگ لگی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے 16 سے زائد فائر ٹینڈرز، 4 اسنارکل اور ایک واٹر باؤزر موقع پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ حکام کے مطابق شاپنگ پلازہ میں اب بھی کئی افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے۔
رپورٹس کے مطابق آگ پلازہ کے میزنائن فلور پر لگی، جو بعد ازاں گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کی دکانوں تک پھیل گئی۔ شاپنگ پلازہ گراؤنڈ، میزنائن اور دو منزلوں پر مشتمل ہے، جہاں ایک ہزار سے زائد دکانیں قائم ہیں۔
چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ عمارت میں ایک زوردار دھماکا ہوا، جس کے بعد آگ مزید پھیل گئی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکا گیس لیکج کے باعث ہوا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران فائر بریگیڈ کی سیڑھیاں ٹوٹنے سے دو افراد گر کر زخمی بھی ہوئے۔
دوسری جانب پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ سندھ اور میئر کراچی کو آگ بجھانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ سے تعزیت کی۔
انہوں نے واقعے کی فوری تحقیقات اور آئندہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کی بھی ہدایت کی۔
ترجمان سندھ حکومت کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کے لیے تمام وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں اور حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ صورتحال کو جلد از جلد کنٹرول کیا جائے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









