ایران کو نئی قیادت کی ضرورت ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ

ایران کو نئی قیادت کی ضرورت ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران میں اب قیادت کی تبدیلی پر سنجیدگی سے غور کرنے کا وقت آ چکا ہے۔
ڈونلڈ ٹرمپ کا یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب ایران میں حکومت مخالف مظاہرے بتدریج کمزور پڑتے نظر آ رہے ہیں، جبکہ ایرانی حکام مسلسل یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ملک میں صورتحال مکمل طور پر قابو میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ ایرانی حکمران ملک کو خوف، جبر اور تشدد کے ذریعے چلا رہے ہیں۔
گزشتہ دنوں کے دوران امریکی صدر ایران کے حوالے سے سخت بیانات دیتے رہے ہیں اور متعدد بار فوجی کارروائی کی دھمکی بھی دے چکے ہیں۔ چند روز قبل انہوں نے ایرانی عوام سے احتجاج جاری رکھنے اور ریاستی اداروں پر دباؤ بڑھانے کی اپیل کی تھی اور یہ بھی کہا تھا کہ مدد راستے میں ہے۔
تاہم اگلے ہی روز ٹرمپ نے اپنے مؤقف میں نرمی لاتے ہوئے کہا کہ انہیں اطلاع ملی ہے کہ ایران میں ہلاکتوں کا سلسلہ رک چکا ہے اور سزائے موت پر بھی عمل درآمد نہیں ہو رہا۔
ادھر ایرانی سپریم لیڈر نے حالیہ بیان میں ملک میں ہونے والی بدامنی اور اموات کا ذمہ دار براہ راست امریکی صدر کو قرار دیا تھا۔ اس بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تہران کی قیادت اقتدار برقرار رکھنے کے لیے بے مثال تشدد کا سہارا لے رہی ہے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اصل قیادت احترام سے پہچانی جاتی ہے، خوف اور موت سے نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہزاروں افراد کو قتل کر کے اقتدار بچانے کے بجائے حکمرانوں کو ملک کو بہتر انداز میں چلانے پر توجہ دینی چاہیے، جیسا کہ وہ امریکا میں کرتے ہیں۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ نااہل اور کمزور قیادت کی وجہ سے ایران آج دنیا کے بدترین ممالک میں شمار ہونے لگا ہے، جہاں عوام بنیادی حقوق سے محروم ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











