پیر، 19-جنوری،2026
اتوار 1447/07/29هـ (18-01-2026م)
تازہ ترین خبریں

امن، امداد اور تعمیرِ نو: غزہ سے متعلق عالمی بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کیوں اہم؟

18 جنوری, 2026 18:16

غزہ فلسطین میں جاری جنگ کے خاتمے، انتظامی و انسانی بحالی اور تعمیرِ نو کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیے گئے GPP (Gaza Peace Plan) کے تحت مجوزہ Peace Board / Board of Peace پر عالمی سطح پر مشاورت جاری ہے۔ اس منصوبے کے تحت جنگ بندی کے بعد استحکام، انسانی امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی، بنیادی سہولیات کی بحالی اور طویل المدتی سیاسی حل کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی تشکیل دی جائے گی۔

اسی تناظر میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مختلف ممالک کے سربراہان کو دعوت نامے ارسال کیے ہیں تاکہ وہ اس مجوزہ Peace Board کا حصہ بنیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے وزیراعظم کو بھی اس اہم عالمی بورڈ میں شمولیت کی باضابطہ دعوت موصول ہوئی ہے۔

سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دعوت پاکستان کے لیے ایک مثبت اور باوقار پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، جو اس بات کی عکاس ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان کی سفارتی ساکھ، اعتماد اور مؤثر کردار کو تسلیم کیا جا رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی تسلسل کے ساتھ کی گئی ریاستی سفارت کاری، بروقت رابطوں اور قومی مفادات کے مطابق اپنائی گئی مؤثر حکمتِ عملی کا نتیجہ ہے، جس میں سول اور ملٹری ڈپلومیسی کی مربوط کوششیں شامل ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق پاکستان کی ممکنہ شرکت یا مثبت ردِعمل کسی بلاک یا کیمپ کی سیاست کا حصہ نہیں، بلکہ فلسطینی عوام، خصوصاً غزہ کے بے گناہ اور نہتے شہریوں کو درپیش انسانی بحران میں کمی لانے اور منصفانہ، پائیدار حل کی عملی حمایت کے اصولی مؤقف پر مبنی ہے۔

پاکستان ماضی میں بھی فلسطین کے حقِ خود ارادیت، شہریوں کے تحفظ، فوری جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور غزہ کی تعمیرِ نو کی بھرپور حمایت کرتا رہا ہے۔ اس مجوزہ بورڈ میں شمولیت پاکستان کو موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ محض بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی سطح پر اپنا کردار ادا کرے اور بین الاقوامی فورمز پر انسانی بحران کے خاتمے کے لیے مؤثر آواز بلند کرے۔

ماہرین کے مطابق عالمی مکینزمز میں پاکستان کی موجودگی اس امر کو یقینی بنانے میں مدد دے سکتی ہے کہ فیصلے یک طرفہ نہ ہوں، فلسطینی مفادات کا تحفظ کیا جائے، امدادی اور بحالی کے اقدامات شفاف اور منصفانہ رہیں، اور مسلم ممالک کے درمیان مربوط اور مضبوط موقف اختیار کیا جا سکے۔

مجموعی طور پر یہ دعوت پاکستان کے لیے اعزاز کے ساتھ ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی سمجھی جا رہی ہے، جسے پاکستان انسانیت، امتِ مسلمہ اور انصاف پر مبنی پائیدار امن کے وسیع تر مقصد کے لیے مثبت اور تعمیری کردار میں ڈھالنے کا عزم رکھتا ہے۔

Catch all the کالمز و بلاگز News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔