سانحہ گل پلازہ: ہلاکتوں کی تعداد 14 ہوگئی، لاپتا افراد کی تلاش جاری

کراچی: گل پلازہ میں لگی خوفناک آگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 14 ہو گئی ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران مزید 8 لاشیں نکالی گئی ہیں، جبکہ 65 سے زائد افراد اب بھی لاپتہ ہیں۔
گل پلازہ میں آگ ہفتے کی رات سوا 10 بجے کے قریب گراؤنڈ فلور پر لگی، جو دیکھتے ہی دیکھتے تیسری منزل تک پھیل گئی۔ عمارت کے کئی حصے گر گئے اور ریسکیو ٹیموں کو تکنیکی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
فائر فائٹرز نے 33 گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا۔ تاہم عمارت کے اندر اب بھی کولنگ کا عمل جاری ہے۔ حکام نے بتایا کہ عمارت کے پلرز کمزور ہو چکے ہیں اور متعدد دراڑیں پڑ گئی ہیں، جس کے باعث عمارت کے گرنے کا خطرہ برقرار ہے۔
ریسکیو کے دوران ایک بچے سمیت 3 افراد کے اعضا ملے، جنہیں سول اسپتال ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے اہل خانہ سے لاپتہ افراد کے موبائل نمبر حاصل کر لیے ہیں اور 20 سے زائد افراد کی لوکیشن معلوم ہو چکی ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے رابطہ کیا اور امدادی کاموں کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ صدر نے شہید فائر فائٹر فرقان شوکت کی شجاعت کو سراہا اور اسے سول ایوارڈ کے لیے نامزد کرنے کا کہا۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ جب تک نقصان کا ازالہ نہیں ہوتا وہ متاثرین کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بھی عمارت کا دوبارہ دورہ کیا اور ریسکیو کارروائیوں کو تیز کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے بتایا کہ رش کی وجہ سے امدادی کارروائیوں میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔
گل پلازہ میں واقع دکانوں اور سامان کا نقصان اربوں روپے میں بتایا گیا ہے۔ صدر الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ آج مارکیٹیں بند رہیں گی اور دکانداروں سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









