پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے عوام کیلئے بڑی خوشخبری؛ انتہائی اہم فیصلہ ہوگیا

Big Good News for the Public Regarding Petroleum Products
حکومت نے پیٹرولیم سیکٹر میں شفافیت لانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات تیز کر دیے ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق ملک بھر میں پیٹرول پمپس اور فیول سپلائی چین کو بہتر بنانے کے لیے جامع اصلاحات پر عمل درآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل کی اسمگلنگ روکنے کے لیے جدید ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے۔ اس نظام کے ذریعے فیول کی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔
پیٹرولیم ڈویژن نے بتایا کہ عوام کو مستند اور قانونی پیٹرول پمپس کی شناخت میں آسانی فراہم کرنے کے لیے “راہگزر” موبائل ایپ لانچ کر دی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے صارفین رجسٹرڈ اور منظور شدہ فیول اسٹیشنز کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔
آئل ٹینکرز کی نگرانی کے لیے اوگرا اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے ایک جدید ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم تیار کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ٹینکرز، آئل ٹرمینلز اور ریٹیل آؤٹ لیٹس کو ایک ہی ڈیجیٹل نیٹ ورک سے جوڑا جا رہا ہے تاکہ سپلائی چین مکمل طور پر مانیٹر ہو سکے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا کہ پیٹرول پمپس پر خودکار ٹینک گیجز اور ڈیجیٹل نوزلز نصب کیے جائیں گے۔ اس سے فیول کی مقدار اور معیار کی درست نگرانی ممکن ہو سکے گی۔ اس کے علاوہ ڈی جی پی سی تیل و گیس بلاکس کی شفاف نیلامی کے لیے ایک نیا آن لائن پورٹل متعارف کروانے جا رہا ہے، جس سے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن کے تمام مراحل ڈیجیٹل ہو جائیں گے۔
پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق دھماکہ خیز مواد کی نگرانی کے لیے ایکسپلوسیوز ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت ایکسپلوسیوز کی ترسیل اور استعمال کو ریئل ٹائم میں مانیٹر کیا جا رہا ہے اور اس منصوبے کے دو مراحل کامیابی سے مکمل ہو چکے ہیں۔
غیر قانونی پیٹرولیم مصنوعات کے خلاف کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ایکٹ 1934 میں ترامیم کی گئی ہیں۔ ان ترامیم کے تحت غیر قانونی فروخت اور ترسیل میں ملوث افراد پر بھاری جرمانے اور ضبطی کی سزائیں مقرر کی گئی ہیں۔
Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











