پیر، 19-جنوری،2026
پیر 1447/07/30هـ (19-01-2026م)

سانحہ گل پلازہ: ٹریفک مینجمنٹ نہ ہونے سے پانی کی کمی دور نہ کی جاسکی، چیف فائر آفیسر

19 جنوری, 2026 11:41

کراچی: گل پلازہ میں لگنے والی شدید آگ کے بعد چیف فائر آفیسر نے اہم تفصیلات جاری کی ہیں۔ سانحہ سالِ نو کے آغاز میں پیش آیا، جب شہر کے معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے 14 قیمتی جانیں نگل لیں اور کروڑوں روپے مالیت کا سامان خاکستر کر دیا۔

چیف فائر آفیسر کے مطابق آگ ہفتے کی رات 10 بج کر 14 منٹ پر گل پلازہ کی آرٹیفیشل گملوں اور پھولوں کی دکان میں شروع ہوئی۔ 10 بج کر 38 منٹ پر ریسکیو 1122 کو آگ کی اطلاع دی گئی۔

10 بج کر 57 منٹ پر ریسکیو 1122 کے دو فائر ٹینڈرز موقع پر پہنچے۔ عمارت میں تقریباً 14 سے 16 داخلی و خارجی راستے ہیں، لیکن تنگ راستوں کی وجہ سے آگ بجھانے میں شدید مشکلات پیش آئیں۔ تمام داخلی اور خارجی راستوں میں دھواں بھر گیا تھا، جس کی وجہ سے آگ بجھانے کے دو سے تین گھنٹوں کے دوران پانی کی کمی کا سامنا کرنا پڑا۔

چیف فائر آفیسر نے بتایا کہ پانی کے لیے آنے والے ٹینکر گرومندر کے قریب جاری تعمیراتی کام میں پھنس گئے، اور ہجوم اور ٹریفک مینجمنٹ نہ ہونے کی وجہ سے فوری پانی کی فراہمی ممکن نہ ہو سکی۔ آگ بجھانے کے لیے فوم کا استعمال بھی پہلے دن ہی کیا گیا۔

چیف فائر آفیسر نے مزید کہا کہ عمارت کے تین مختلف حصے گر چکے ہیں اور عمارت مخدوش ہو چکی ہے۔ موقع پر اب بھی 12 فائر ٹینڈرز، 6 واٹرباوزر اور 2 اسنارکل موجود ہیں۔ گل پلازہ کی آگ تقریباً 90 فیصد بجھادی گئی ہے، اور عمارت کے اندر موجود سامان میں 10 فیصد آگ باقی ہے۔ رات گئے تک گراؤنڈ کی تمام دکانوں کو آگ سے محفوظ کر دیا گیا۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔