منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)
تازہ ترین خبریں

اندھیرا، دھواں اور بند دروازے: سانحہ گل پلازہ کیسے پیش آیا؟ دل دہلا دینے والے انکشافات

20 جنوری, 2026 09:24

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والی ہولناک آتشزدگی چند لمحوں میں ایک بڑے انسانی سانحے میں تبدیل ہو گئی۔ متاثرہ دکانداروں اور عینی شاہدین کے مطابق آگ لگنے کے بعد عمارت میں موجود افراد اندھیرے، دھوئیں اور بند دروازوں میں پھنس کر رہ گئے۔

رات کے وقت داخلی دروازے بند ہونے کا نظام

متاثرہ دکانداروں کا کہنا ہے کہ گل پلازہ میں مجموعی طور پر 26 داخلی اور خارجی دروازے موجود ہیں۔ معمول کے مطابق رات دس بجے کے بعد ان میں سے 24 دروازے بند کر دیے جاتے ہیں جبکہ صرف دو دروازے کھلے رکھے جاتے ہیں۔
حادثے کے وقت بھی یہی صورتحال تھی جس کے باعث لوگوں کو باہر نکلنے کا راستہ نہ مل سکا۔

ایمرجنسی ایگزٹ نہ ہونے کا مسئلہ

عینی شاہدین کے مطابق گل پلازہ میں کسی قسم کے واضح ایمرجنسی راستے موجود نہیں تھے۔
جب آگ پھیلی تو زیادہ تر دروازے بند تھے اور اندر موجود افراد شدید خوف اور پریشانی میں مبتلا ہو گئے۔ چند ہی منٹوں میں پوری مارکیٹ دھوئیں سے بھر گئی۔

بجلی بند، ہر طرف اندھیرا

دکانداروں کے مطابق آگ لگنے کے وقت بجلی بند ہو چکی تھی۔
اندھیرے کی وجہ سے کسی کو کچھ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ دھواں اتنا شدید تھا کہ سانس لینا مشکل ہو گیا۔ لوگ ایک دوسرے سے ٹکرا رہے تھے اور عمارت کے اندر بھگدڑ مچ گئی۔

بے ہوشی کے واقعات اور گھبراہٹ

متاثرین کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کے کچھ ہی دیر بعد کئی افراد دھوئیں کی شدت کے باعث بے ہوش ہو کر زمین پر گر گئے۔ اس وقت دکانوں میں ورکرز اور خریدار موجود تھے۔ حالات اس قدر خراب ہو چکے تھے کہ کسی کو یہ سمجھ نہیں آ رہی تھی کہ باہر نکلنے کا راستہ کہاں ہے۔

اپنی مدد آپ کے تحت ریسکیو

دکانداروں کے مطابق ریسکیو اداروں کے پہنچنے سے قبل کئی لوگوں کو اپنی مدد آپ کے تحت عمارت سے باہر نکالا گیا۔
کچھ دکانداروں نے دروازے توڑنے اور راستے بنانے کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد کو بچایا جا سکا۔

ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری

آگ بجھنے کے بعد گل پلازہ میں ملبہ ہٹانے اور لاپتا افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔
حکام کے مطابق اب تک 26 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 76 افراد تاحال لاپتا ہیں۔
ریسکیو ٹیمیں انتہائی احتیاط کے ساتھ آپریشن کر رہی ہیں کیونکہ عمارت کے مزید حصے گرنے کا خدشہ ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔