منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)
تازہ ترین خبریں

گل پلازہ کا ایک اور حصہ زمین بوس، ساتھ والی عمارت بھی متاثر

20 جنوری, 2026 09:32

کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے المناک سانحے کے اثرات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔ آتشزدگی کے بعد گل پلازہ کا ایک اور متاثرہ حصہ زمین بوس ہو گیا جبکہ ساتھ موجود عمارت بھی آگ اور حرارت کے باعث متاثر ہوئی ہے۔ حکام کے مطابق متاثرہ عمارت کے پلرز ٹیڑھے ہو چکے ہیں جس کے باعث مزید نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جاں بحق افراد کی تعداد 26، لاپتہ افراد 83 ہوگئے

حکام کے مطابق گل پلازہ سانحے میں جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہو چکی ہے جبکہ لاپتہ افراد کی مجموعی تعداد بڑھ کر 83 ہو گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر ساؤتھ کے دفتر میں لاپتہ افراد کی تازہ فہرست آویزاں کر دی گئی ہے، جس میں 12 نئے نام شامل کیے گئے ہیں۔

سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری

ریسکیو اہلکار جلی ہوئی عمارت کے بیشتر حصوں میں داخل ہو چکے ہیں جہاں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ملبہ ہٹانے کا عمل بھی ساتھ ساتھ کیا جا رہا ہے تاہم عمارت کی مخدوش حالت کے باعث کام انتہائی احتیاط کے ساتھ کیا جا رہا ہے۔

موبائل لوکیشنز سے اہم پیش رفت

انتظامیہ کے مطابق لاپتہ افراد میں سے 29 افراد کی موبائل لوکیشن گل پلازہ اور اس کے اطراف ظاہر ہو رہی ہے، جس کی بنیاد پر سرچ آپریشن کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔ اہل خانہ کو مسلسل صورتحال سے آگاہ رکھا جا رہا ہے۔

18 جاں بحق افراد کی شناخت مکمل

پولیس اور اسپتال انتظامیہ کے مطابق جاں بحق ہونے والے 26 افراد میں سے اب تک 18 کی شناخت ہو چکی ہے۔ باقی لاشیں ناقابل شناخت ہونے کے باعث ڈی این اے ٹیسٹ کے مرحلے میں ہیں۔

ڈی این اے سیمپلز اور فرانزک عمل

پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ طارق کے مطابق سول اسپتال میں اب تک 20 لاشوں کے ڈی این اے سیمپلز لیے جا چکے ہیں جبکہ 48 متاثرہ خاندانوں نے بھی اپنے ڈی این اے نمونے جمع کرا دیے ہیں۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے بتایا کہ ڈی این اے نمونے سندھ فرانزک ڈی این اے لیبارٹری جامعہ کراچی بھجوا دیے گئے ہیں، جہاں آئندہ تین دن تک کراس میچنگ کا عمل جاری رہے گا۔

ناقابل شناخت لاشیں ایدھی سرد خانے منتقل

سندھ فرانزک لیب کو 6 لاشوں کے نمونے موصول ہو چکے ہیں جبکہ ناقابل شناخت 6 لاشیں ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ منتقل کر دی گئی ہیں تاکہ شناخت کا عمل مکمل کیا جا سکے۔

تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس طلب

دوسری جانب گل پلازہ میں آگ لگنے کے واقعے سے متعلق تشکیل دی گئی تحقیقاتی کمیٹی کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اب تک جمع کیے گئے ڈیٹا، شواہد اور رپورٹس کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ آگ لگنے کی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔