منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)
تازہ ترین خبریں

محکمہ موسمیات نے عوام کو بڑی خوشخبری سنادی

20 جنوری, 2026 10:33

ملک کے بیشتر حصوں میں خشک سردی کا سلسلہ بدستور جاری ہے، جبکہ محکمہ موسمیات نے آنے والے دنوں کے دوران موسم میں تبدیلی کی پیشگوئی کر دی ہے۔

 محکمہ موسمیات کے مطابق بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے، جس سے سردی کی شدت میں کچھ کمی آ سکتی ہے۔ تاہم کئی شہروں میں دھند اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ برقرار رہنے کی توقع ہے۔

لاہور میں موسم سرد اور خشک رہا۔ شہر کا درجہ حرارت 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کی شرح 92 فیصد رہی۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ لاہور میں آج بارش متوقع ہے اور 23 جنوری تک تیز ہواؤں کے ساتھ گرج چمک بھی ہو سکتی ہے۔ شہر میں فضائی آلودگی کی صورتحال تشویشناک ہے۔ مختلف علاقوں میں اسموگ کی سطح 1100 سے تجاوز کر چکی ہے۔ ماہرین کے مطابق بارش کے بعد فضائی آلودگی میں کچھ بہتری آنے کا امکان ہے۔

کراچی میں بھی موسم خشک اور قدرے سرد رہا۔ درجہ حرارت 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے 22 اور 23 جنوری کو بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ بارش کے بعد سردی میں معمولی اضافہ متوقع ہے۔ تاہم شہر کا فضائی معیار اب بھی خراب ہے اور کراچی دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں چھٹے نمبر پر موجود ہے۔ ہوا میں مضر ذرات کی مقدار 180 مائیکروگرام فی مکعب میٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسلام آباد میں بھی خشک سردی برقرار ہے۔ درجہ حرارت 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا جبکہ صبح کے وقت موسم مزید سرد رہا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 22 اور 23 جنوری کو دارالحکومت میں بارش کا امکان ہے جس سے موسم بہتر ہونے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ تاہم چترال، سوات، دیر، کوہستان اور ایبٹ آباد میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش یا برفباری ہو سکتی ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سردی کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان کے کچھ حصوں میں ہلکی بارش اور برفباری متوقع ہے۔ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کا سلسلہ جاری رہے گا۔ مری اور گلیات میں شدید سردی جبکہ مختلف شہروں میں صبح اور رات کے وقت دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور گردونواح میں دھند کے باعث حدِ نگاہ متاثر ہو سکتی ہے۔

سندھ کے مختلف اضلاع میں بھی سرد اور خشک موسم رہے گا۔ سکھر، لاڑکانہ، شکارپور، کشمور، دادو اور جیکب آباد میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔