منگل، 20-جنوری،2026
منگل 1447/08/01هـ (20-01-2026م)

ایران کا پاکستان کیلئے بڑا اقدام!!! آئی پی گیس پائپ لائن پر جرمانہ مؤخر

20 جنوری, 2026 15:22

اسلام آباد: ایران نے پاکستان کے لیے ایک اہم اور بڑا اقدام کرتے ہوئے آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے سے متعلق ممکنہ جرمانے کی کارروائی مؤخر کر دی ہے۔ ایران نے پاکستان کو گیس پائپ لائن کی تعمیر کے لیے 10 سال کی اضافی مہلت دے دی ہے، جس کے بعد اب یہ منصوبہ 2035 تک مکمل کیا جا سکے گا۔

ذرائع کے مطابق ایران کی جانب سے پاکستان کے خلاف 18 ارب ڈالر جرمانے کے نوٹس کا معاملہ طویل عرصے سے زیرِ بحث تھا۔ تاہم ایران نے اس جرمانے کی کارروائی کو فی الحال 10 سال کے لیے روک دیا ہے، جسے پاکستان کے لیے بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔

یاد رہے کہ ایران نے فرنچ لا کے تحت اگست 2024 میں پاکستان کو آئی پی گیس پائپ لائن کی تعمیر نہ کرنے پر حتمی نوٹس جاری کیا تھا۔ معاہدے کے مطابق اگر پاکستان مقررہ مدت میں منصوبہ مکمل نہ کرتا تو اسے بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

پاکستان کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ امریکی پابندیوں کے باعث ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر عملی کام ممکن نہیں ہو سکا۔ عالمی دباؤ اور معاشی مشکلات کی وجہ سے پاکستان اس منصوبے کو آگے نہیں بڑھا سکا۔

ایران اور پاکستان کے درمیان گیس خریداری کا معاہدہ سال 2009 میں طے پایا تھا۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان نے ایران سے روزانہ 750 ملین کیوبک فٹ گیس خریدنے پر اتفاق کیا تھا تاکہ ملک میں توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے۔

سال 2013 میں ایران اور پاکستان کے اس وقت کے صدور نے مشترکہ طور پر آئی پی گیس پائپ لائن منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا تھا۔ ایران نے اپنی حدود میں تقریباً 900 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن مکمل کر لی ہے، جبکہ پاکستان کی جانب سے تاحال عملی کام کا آغاز نہیں ہو سکا۔

ماہرین کے مطابق ایران کی جانب سے جرمانہ مؤخر کرنے کا فیصلہ خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور سفارتی لچک کا مظہر ہے۔ اس اقدام سے پاکستان کو توانائی منصوبہ بندی کے لیے مزید وقت مل گیا ہے، تاہم مستقبل میں منصوبے پر پیش رفت نہ ہونے کی صورت میں دباؤ دوبارہ بڑھ سکتا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔