بدھ، 21-جنوری،2026
بدھ 1447/08/02هـ (21-01-2026م)

سانحہ گل پلازہ: پانچویں روز بھی سرچ آپریشن جاری، جاں بحق افراد کی تعداد 31 ہو گئی

21 جنوری, 2026 13:04

کراچی: سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ کر 31 ہو گئی ہے، جب کہ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے سرچ آپریشن بدستور جاری ہے۔ ملبہ ہٹانے کے دوران مزید دو لاشوں کے کچھ حصے ملے ہیں جنہیں فوری طور پر سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق گل پلازہ کے مختلف حصوں میں اب بھی ملبہ موجود ہے اور لاپتا افراد کی تلاش جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اب تک 31 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے، تاہم اصل تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ بھی موجود ہے کیونکہ کئی افراد ابھی تک لاپتا ہیں۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے بتایا کہ سانحے میں لاپتا افراد کی تعداد 86 ہو گئی ہے۔ ایک اور شہری کے اہلخانہ نے بھی ڈی سی آفس سے رابطہ کر کے اپنے پیارے کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی ہے، جس کے بعد فہرست میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔

جاوید نبی کھوسو کا کہنا تھا کہ جب تک ایک بھی لاپتا شخص موجود ہے، اس وقت تک عمارت کو نہیں گرایا جا سکتا۔ ان کے مطابق ریسکیو آپریشن انسانی جانوں سے جڑا ہوا ہے، اس لیے کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا رہی اور مکمل تلاش کے بعد ہی عمارت کو گرانے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

ڈپٹی کمشنر نے یہ بھی بتایا کہ گل پلازہ سے متصل رمپا پلازہ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی سے رمپا پلازہ کے نقشے اور تکنیکی تفصیلات طلب کی گئی ہیں تاکہ عمارت کی ساخت کا جائزہ لیا جا سکے اور کسی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔

حکام کے مطابق ملبہ زیادہ ہونے اور عمارت کی مخدوش حالت کے باعث سرچ آپریشن سست روی کا شکار ہے، تاہم ریسکیو ٹیمیں دن رات کام کر رہی ہیں تاکہ لاپتا افراد کا سراغ لگایا جا سکے۔ سانحہ گل پلازہ نے کراچی بھر میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے اور متاثرہ خاندان انصاف اور مکمل تحقیقات کے منتظر ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔