خواجہ آصف کے 18 ویں ترمیم سے متعلق بیان پر پیپلزپارٹی ناراض؛ حکومت سے وضاحت طلب کرلی

PPP upset over Khawaja Asif’s statement on the 18th Amendment
پیپلز پارٹی نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے 18ویں ترمیم سے متعلق بیان پر حکومت سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر نے کہا کہ خواجہ آصف نے ایک روز پہلے سانحہ گل پلازہ پر بات کی اور اسی دوران 18ویں ترمیم کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر کا بیان حکومت کا مؤقف سمجھا جاتا ہے، اس لیے اس معاملے پر وضاحت ضروری ہے۔
نوید قمر نے کہا کہ ملک پہلے ہی کئی تجربات سے گزر چکا ہے اور ہر تجربے نے نقصان ہی پہنچایا۔ ان کے مطابق اب مزید تجربات کی کوئی گنجائش نہیں، اس لیے وفاق کو چاہیے کہ ایسے بیانات سے گریز کرے جو ملکی استحکام کے لیے نقصان دہ ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ 18ویں ترمیم ایک آئینی حقیقت ہے اور اسے متنازع بنانا درست عمل نہیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے خواجہ آصف کے بیان کو ذاتی رائے قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہر فرد کو اپنی رائے دینے کا حق حاصل ہے، تاہم حکومت کی پالیسی وہی ہوتی ہے جس پر پارلیمنٹ متفق ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی ایک رہنما کے بیان کو حکومت کی پالیسی سمجھنا درست نہیں۔
واضح رہے کہ خواجہ آصف نے گزشتہ روز کہا تھا کہ 18ویں ترمیم ایک ڈھکوسلا بن کر رہ گئی ہے اور زیادہ تر اختیارات صوبوں کو منتقل ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے شہروں میں پیش آنے والے واقعات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جائیں تاکہ مسائل کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









