ایران کیخلاف کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، ایرانی وزیرخارجہ

Any attack against Iran will be met with a decisive response, says Iranian Foreign Minister
ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی کا کہنا ہے کہ ایران کیخلاف کسی بھی حملے کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی نئے حملے کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کسی بھی جارحیت کو برداشت نہیں کرے گا اور اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہر حد تک جائے گا۔
ایک امریکی اخبار میں شائع ہونے والے مضمون میں عباس عراقچی نے لکھا کہ امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف کیے گئے جارحانہ اقدامات اب تک ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جون 2025 میں ایران نے انتہائی صبر اور برداشت کا مظاہرہ کیا، لیکن اگر دوبارہ حملہ کیا گیا تو جواب پوری قوت سے دیا جائے گا۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ یہ کوئی دھمکی نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جسے سفارتی انداز میں دنیا کے سامنے رکھنا ضروری تھا۔ ان کے مطابق کسی بھی نئی جنگ کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورا خطہ اس کی لپیٹ میں آ جائے گا اور اس کے اثرات دنیا بھر کے عام شہریوں تک پہنچیں گے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا کو اپنے رویے پر نظرثانی کرنا ہوگی اور ایران کے ساتھ باہمی احترام کی بنیاد پر بات چیت کرنی چاہیے۔ عباس عراقچی کے مطابق کشیدگی بڑھانے کے بجائے مذاکرات ہی مسائل کا واحد حل ہیں، ورنہ حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











