کراچی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، کاشف ڈاڈا اور ریاست جدگال گینگ کے 9 ملزمان گرفتار

کراچی میں رینجرز کی بڑی کارروائی، کاشف ڈاڈا اور ریاست جدگال گینگ کے 9 ملزمان گرفتار
کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے دو منظم جرائم پیشہ گروہوں کے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار افراد کا تعلق کاشف ڈاڈا گینگ اور ریاست جدگال گینگ سے بتایا جا رہا ہے جو شہر میں سنگین جرائم میں ملوث تھے۔
رینجرز حکام کے مطابق کارروائیاں پرانا گولیمار، پاک کالونی اور ناظم آباد کے علاقوں میں کی گئیں جہاں سے ارسلان عرف مٹھو، لیاقت علی عرف کمانڈو، آشر، عیشان صفدر عرف شانو، رضوان عرف ٹینڈو، محمد احمد، نعمان، ندیم اور سجاد کو حراست میں لیا گیا۔
رینجرز نے بتایا کہ ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، منشیات اور دیگر غیر قانونی سامان بھی برآمد ہوا ہے۔ برآمد ہونے والے سامان میں 4 پستول بمعہ ایمونیشن، 363 ٹوکن کرسٹل، 8.35 کلو گرام چرس، 25 ٹوکن آئس، 48 شراب کی بوتلیں، 150 کلو گرام گٹکا، 1490 پیکٹ ماوا، 18 موبائل فونز اور 41 لاکھ 37 ہزار 400 روپے نقد شامل ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ ملزمان کراچی کے مختلف علاقوں میں اسلحے کے زور پر ڈکیتی، منشیات فروشی، موٹر سائیکل چھیننے اور موبائل اسنیچنگ جیسی متعدد وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔ ملزمان شہریوں کو خوفزدہ کر کے لوٹ مار کرتے تھے اور ان کا نیٹ ورک کئی علاقوں تک پھیلا ہوا تھا۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد عادی مجرم ہیں اور ان کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں پہلے سے مقدمات درج ہیں۔ مزید یہ کہ ان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں تاکہ پورے نیٹ ورک کو ختم کیا جا سکے۔
رینجرز نے تمام گرفتار ملزمان کو اسلحہ اور برآمد شدہ سامان کے ساتھ مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا ہے، جہاں ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











