جمعرات، 22-جنوری،2026
جمعرات 1447/08/03هـ (22-01-2026م)

سانحہ گل پلازہ: تحقیقات کا دائرہ وسیع، لاشوں کے سیمپلز کا کیمیکل ایگزامِنیشن ہوگا

22 جنوری, 2026 10:28

کراچی: سانحہ گل پلازہ کی تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے اور اب جاں بحق افراد کے جسمانی نمونوں کا کیمیکل ایگزامینیشن کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس عمل کا مقصد یہ جاننا ہے کہ آیا عمارت میں کسی خطرناک کیمیکل کی موجودگی آگ کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ بنی یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق لاشوں کے سیمپلز لیبارٹری بھجوائے جائیں گے جہاں جدید طریقوں سے ان کا کیمیکل تجزیہ کیا جائے گا۔ ان ٹیسٹوں سے یہ بھی واضح ہو سکے گا کہ متاثرہ افراد کی موت صرف دھوئیں اور جلنے سے ہوئی یا کسی زہریلے مادے نے بھی کردار ادا کیا۔

تحقیقات کے سلسلے میں گل پلازہ سے بھی مختلف مقامات سے سیمپلز اکٹھے کیے جائیں گے۔ عمارت میں موجود دکانوں اور اسٹورز سے متعلق افراد کے بیانات بھی قلم بند کیے جائیں گے تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ وہاں کس نوعیت کا سامان رکھا گیا تھا۔

دوسری جانب ریسکیو اور سرچ آپریشن کے دوران گل پلازہ کے ملبے سے بڑی مقدار میں نقدی نکلنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ چیف فائر آفیسر ہمایوں خان کے مطابق سرچنگ کے دوران ملنے والی رقم متعلقہ اداروں کے حوالے کر دی گئی ہے تاکہ اسے محفوظ رکھا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر ساؤتھ جاوید نبی کھوسو نے کہا کہ متاثرین کی ہر چیز امانت ہے اور اسے مکمل ذمہ داری کے ساتھ محفوظ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گل پلازہ کا ملبہ لے کر جانے والے دو ڈمپرز غائب ہونے کی اطلاعات ملی تھیں، تاہم جلد ان کا سراغ لگا لیا جائے گا۔

دوسری طرف ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے ڈمپرز کے غائب ہونے کی خبر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ تمام ملبہ سرکاری نگرانی میں ہے اور کسی قسم کی بے ضابطگی نہیں ہوئی۔ ان کا کہنا تھا کہ تحقیقات شفاف طریقے سے کی جا رہی ہیں اور ہر پہلو کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔