جمعرات، 22-جنوری،2026
جمعرات 1447/08/03هـ (22-01-2026م)

بل گیٹس نے خطرے کی گھنٹی بجا دی

22 جنوری, 2026 11:09

مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت دنیا بھر میں روزگار کے نظام کو بہت تیزی سے بدلنے والی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ حکومتوں کے پاس اس بڑی تبدیلی کے لیے تیاری کا وقت تیزی سے کم ہوتا جا رہا ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو اس کے اثرات عام ملازمین پر گہرے ہوں گے۔

سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران ایک انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ آئندہ چار سے پانچ سالوں میں وائٹ کالر نوکریاں سب سے زیادہ متاثر ہوں گی۔ ان کے مطابق دفاتر میں ہونے والا کام، خاص طور پر ڈیٹا، اکاؤنٹس اور دیگر دفتری امور تیزی سے آٹومیشن کی طرف جا رہے ہیں۔

بل گیٹس کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو اب برابری اور انصاف سے متعلق سنجیدہ فیصلے کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت سے فائدہ تو بہت ہوگا، لیکن اگر اس تبدیلی کو درست انداز میں نہ سنبھالا گیا تو بے روزگاری اور معاشی عدم توازن میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ اے آئی کے ذریعے علاج، تعلیم اور تحقیق جیسے شعبوں میں بہتری آ سکتی ہے۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ اگر لوگوں کو نئی مہارتیں نہ سکھائی گئیں اور ٹیکس و بھرتی کا نظام نہ بدلا گیا تو مسائل بڑھ سکتے ہیں۔ ان کے مطابق اس وقت اثرات محدود ہیں، مگر آنے والے سالوں میں صورتحال تیزی سے بدل سکتی ہے۔

بل گیٹس نے اپنے سالانہ خط "دی ایئر اہینڈ” میں بھی انہی خدشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ مصنوعی ذہانت گزشتہ تمام ٹیکنالوجی تبدیلیوں سے زیادہ تیز اور گہرا اثر رکھتی ہے۔ یہ ٹیکنالوجی معاشرے کے ہر شعبے میں داخل ہو رہی ہے اور کام کرنے کے طریقے بدل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ میں اے آئی پہلے ہی پیداوار بڑھا رہی ہے، جبکہ کال سینٹرز اور لاجسٹکس جیسے شعبوں میں کم مہارت والی نوکریاں ختم ہو رہی ہیں۔ اگر یہی رجحان جاری رہا تو دولت اور مواقع چند لوگوں تک محدود ہو سکتے ہیں، جس سے عدم مساوات میں اضافہ ہوگا۔

بل گیٹس نے کہا کہ ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر تعاون ضروری ہے۔ انہوں نے موجودہ عالمی حالات کے تناظر میں امریکا اور بھارت کے تعلقات کو اہم قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط شراکت داری مستقبل میں مثبت کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے بھارت کے ڈیجیٹل نظام اور مصنوعی ذہانت میں تیز رفتار ترقی کو دونوں ممالک کے لیے فائدہ مند قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ عالمی تعاون سے ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔

Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔