جمعرات، 22-جنوری،2026
جمعرات 1447/08/03هـ (22-01-2026م)

کیا 18ویں ترمیم ختم کرنے سے سانحات نہیں ہوں گے، شرجیل میمن

22 جنوری, 2026 14:05

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے سانحہ گل پلازہ کے بعد پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ واقعہ بہت افسوسناک اور دردناک ہے۔ قیمتی جانوں کا نعم البدل نہیں ہوسکتا اور سندھ حکومت جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہے۔

شرجیل میمن نے بتایا کہ سندھ حکومت اس وقت ون پوائنٹ ایجنڈا پر کام کر رہی ہے اور پہلی ترجیح لاپتہ افراد کی تلاش ہے۔ حکام کو 86 افراد کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ملی ہے، جن کی شناخت ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے کی جائے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کوشش ہے کہ لاشوں کو ملبے سے نکال کر ورثا تک پہنچایا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سانحے میں ہونے والے نقصانات کا ازالہ بھی سندھ حکومت کرے گی۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے شفاف انکوائری کا حکم دیا ہے اور رپورٹ پر ایکشن لیا جائے گا۔ کوتائی برتنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

شرجیل میمن نے تنقید کرنے والوں کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ انہیں جواب دینے پر مجبور کیا جا رہا ہے اور جھوٹ بولا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم ختم کرنے یا کراچی کو وفاقی علاقوں میں شامل کرنے سے مسائل ختم نہیں ہوں گے۔ انہوں نے زور دیا کہ کچھ جماعتیں صرف سیاسی مفاد کے لیے باتیں کر رہی ہیں جن کے ہاتھوں ماضی میں لوگوں کو نقصان پہنچا۔

وزیر اطلاعات نے کہا: "بولٹن مارکیٹ، بلدیہ فیکٹری اور 12 مئی کے سانحات میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ تنقید کریں لیکن ایسے سانحات کو اپنی سیاست کی نذر نہ کریں۔” انہوں نے واضح کیا کہ مصطفی کمال کی باتوں کا جواب موجود ہے اور سانحہ 12 مئی میں ذمہ داروں کو بے نقاب کیا جا چکا ہے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔