جمعرات، 22-جنوری،2026
جمعرات 1447/08/03هـ (22-01-2026م)

گل پلازہ میں آگ شارٹ سرکٹ سے نہیں، ممکنہ طور پر ماچس یا لائٹر سے لگی: ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ

22 جنوری, 2026 15:29

کراچی میں پیش آنے والے سانحہ گل پلازہ سے متعلق تحقیقاتی حکام نے ابتدائی رپورٹ تیار کرلی ہے، جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث نہیں لگی بلکہ ممکنہ طور پر ماچس یا لائٹر کے استعمال سے بھڑکی۔ رپورٹ عینی شاہدین اور متاثرین کے بیانات کی بنیاد پر مرتب کی گئی ہے۔

تحقیقاتی ذرائع کے مطابق گل پلازہ میں آگ سب سے پہلے مصنوعی پھولوں کی ایک دکان میں لگی، جہاں موجود بچوں کے کھیلنے کے دوران حادثہ پیش آیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر بچے دکان میں ماچس یا لائٹر سے کھیل رہے تھے، جس کے باعث آگ بھڑکی اور ابتدائی طور پر دکان میں موجود سامان نے آگ پکڑ لی۔

رپورٹ کے مطابق آگ تیزی سے دکان میں موجود آتش گیر اشیاء سے بجلی کی تاروں تک پھیل گئی، جس کے باعث چند ہی منٹوں میں پورا علاقہ شدید دھوئیں اور شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس بات کے شواہد نہیں ملے کہ آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہو، بلکہ انسانی غفلت اس سانحے کی بڑی وجہ قرار دی جا رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق جیسے ہی آگ لگی، عمارت میں موجود افراد جان بچانے کے لیے خارجی راستوں کی طرف بھاگے، تاہم متعدد دروازے بند ہونے کی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی اور کئی افراد پھنس گئے۔ عمارت کی چھت کی جانب جانے والے راستے پر بھی گرل لگی ہوئی تھی جس سے لوگوں کے لیے نکلنے کے مواقع محدود ہوگئے۔

تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ عمارت میں زیادہ تر دکانیں کھلی ہوئی تھیں اور آگ لگنے کے باعث پورا سی سی ٹی وی سسٹم مکمل طور پر متاثر ہوا، جس سے شواہد اکٹھے کرنے میں مشکلات پیش آئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حتمی رپورٹ کی تیاری کے لیے مزید تکنیکی اور کیمیائی تجزیے کیے جا رہے ہیں تاکہ سانحے کی اصل وجوہات کی مکمل تصدیق کی جا سکے۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔