جمعہ، 23-جنوری،2026
جمعہ 1447/08/04هـ (23-01-2026م)

گورنر سندھ کا سانحہ گل پلازہ پر جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ

23 جنوری, 2026 10:31

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سانحہ گل پلازہ پر حکومت سے جوڈیشل انکوائری کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس افسوسناک واقعے کے بعد بھی اصل حقائق سامنے نہیں آ سکے اور متاثرہ خاندان انصاف کے لیے در بدر ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ سانحے کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا گیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس معاملے پر سیاست کی جا رہی ہے اور اصل مجرموں کو بچانے کی کوشش ہو رہی ہے۔

کامران ٹیسوری نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کو شاید درست صورتحال سے آگاہ نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خود موقع پر جا کر دیکھیں کہ ریسکیو مشینری صحیح طریقے سے کیوں کام نہیں کر رہی۔

گورنر سندھ نے سوال اٹھایا کہ جس شخص کا والد اس حادثے میں جاں بحق ہوا، اسی کے بیٹے پر لاٹھی چارج کیوں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ مائیں انصاف کے لیے بھیک مانگنے پر مجبور ہیں، مگر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ممکن نہیں کہ عوام ٹیکس بھی دیں اور اپنی جانیں بھی قربان کریں۔ اگر اس معاملے پر کسی نے سیاست کرنے کی کوشش کی تو وہ سب کے سامنے اصل حقائق لے آئیں گے۔

کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ انتظامیہ نے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ اس پر پردہ ڈالنے نہیں دیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ سانحہ گل پلازہ کی مکمل اور شفاف جوڈیشل انکوائری ہونی چاہیے تاکہ ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

گورنر سندھ نے مزید کہا کہ وہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی درخواست کریں گے کہ وہ خود کراچی آئیں اور دیکھیں کہ عوام کے ساتھ کس سطح پر ناانصافی ہو رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے شہری مزید وعدوں کے نہیں بلکہ عملی انصاف کے منتظر ہیں۔

Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔