ماہرین صحت نے کھانے کے بعد چائے پینے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی

Health Experts Sound the Alarm for People Who Drink Tea After Meals
چائے پاکستان سمیت دنیا بھر میں بے حد مقبول مشروب ہے۔ زیادہ تر لوگ دن کا آغاز چائے سے کرتے ہیں، جبکہ بہت سے افراد کھانے کے فوراً بعد چائے پینے کے عادی ہوتے ہیں۔ تاہم حالیہ طبی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ کھانے کے بعد چائے پینا صحت کے لیے فائدہ مند نہیں بلکہ نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔
ماہرین صحت کے مطابق کھانے کے فوراً بعد چائے پینے سے نظامِ ہاضمہ متاثر ہوتا ہے۔ خاص طور پر چاول یا بھاری کھانے کے بعد چائے پینے سے معدہ درست طریقے سے غذا ہضم نہیں کر پاتا۔ چائے میں موجود کیفین اور ٹینن غذائی اجزاء کے جذب کو سست کر دیتے ہیں، جس کے باعث بدہضمی، سینے کی جلن اور پیٹ درد جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ چائے میں شامل فاسفورک ایسڈ ہڈیوں کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے، جبکہ کیفین بلڈ پریشر میں اضافے کا سبب بنتی ہے۔ اس کے علاوہ کھانے کے فوراً بعد چائے پینے سے نیند میں خلل پڑنے کا بھی خدشہ ہوتا ہے، خاص طور پر ان افراد میں جو پہلے ہی نیند کی کمی کا شکار ہوں۔
طبی ماہرین اور نیشنل لائبریری آف میڈیسن کی رپورٹس کے مطابق زیادہ مقدار میں چائے اور کافی کا استعمال ذیابیطس کے خطرے کو بڑھا سکتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ میٹھی چائے اور سافٹ ڈرنکس کا زیادہ استعمال وزن بڑھنے اور شوگر لیول میں اضافے کا سبب بنتا ہے۔
ذیابیطس کے مریضوں کے لیے یہ عادت مزید خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، کیونکہ کھانے کے بعد چائے پینے سے خون میں شوگر کی سطح تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔ کیفین دل کی دھڑکن کو بھی تیز کر سکتی ہے، جو ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے۔
ماہرین صحت کا مشورہ ہے کہ کھانے کے کم از کم 30 سے 45 منٹ بعد چائے پی جائے۔ بہتر ہے کہ چائے بغیر چینی استعمال کی جائے اور سافٹ ڈرنکس سے حتی الامکان پرہیز کیا جائے۔ اس عادت کو بہتر بنا کر نہ صرف ہاضمہ بہتر رکھا جا سکتا ہے بلکہ کئی بیماریوں سے بھی بچاؤ ممکن ہے۔
Catch all the صحت News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












