گوگل پکسل فون استعمال کرنے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بج گئی

Alarm raised for Google Pixel phone users
گوگل کے پکسل اسمارٹ فونز میں موجود ایک اہم فیچر کے حوالے سے تشویشناک انکشاف سامنے آیا ہے، جس کے باعث صارفین کی پرائیویسی متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پکسل فون ایپ میں شامل “ٹیک اے میسج” نامی فیچر بعض حالات میں صارف کی کال کے دوران اردگرد کی آوازیں خود بخود ریکارڈ کر کے کال کرنے والے تک پہنچا دیتا ہے۔
یہ فیچر گزشتہ سال متعارف کروایا گیا تھا، جس کا مقصد یہ تھا کہ اگر صارف کال ریسیو نہ کرے تو کال کرنے والے کو پیغام چھوڑنے کا آپشن مل جائے۔ اس دوران فون اس پیغام کو خودکار طور پر تحریری شکل میں تبدیل کر کے صارف کو دکھاتا ہے۔
تاہم حالیہ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کچھ مخصوص کیسز میں یہ فیچر کالر کی آواز کے بجائے صارف کے ماحول کی آوازیں ریکارڈ کرنے لگتا ہے، جس سے کال کرنے والے کو یوں محسوس ہوتا ہے جیسے فون اٹھا لیا گیا ہو۔
ذرائع کے مطابق اب تک کم از کم چھ ایسے واقعات سامنے آ چکے ہیں جن میں یہ مسئلہ رپورٹ ہوا۔ سب سے پہلے ستمبر 2025 میں ایک پکسل 5 صارف نے ریڈٹ پر اس بگ کی نشاندہی کی تھی۔ بعد ازاں پکسل 10 اور پکسل 4 اے استعمال کرنے والے صارفین نے بھی اسی نوعیت کی شکایات درج کروائیں۔ زیادہ تر متاثرہ فونز وہ ہیں جنہیں اب باقاعدہ سافٹ ویئر اپڈیٹس نہیں مل رہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس مسئلے سے بچنے کے لیے عارضی طور پر “ٹیک اے میسج” فیچر کو بند کر دینا بہتر ہے۔ گوگل کے ترجمان نے بھی اس معاملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی کو اس بگ کا علم ہو چکا ہے اور اس پر کام جاری ہے تاکہ صارفین کی پرائیویسی کو محفوظ بنایا جا سکے۔
یہ فیچر فی الحال امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ اور آسٹریلیا میں پکسل 4 اور اس کے بعد کے ماڈلز میں دستیاب ہے۔ صارفین فون ایپ کھول کر مینو میں جائیں، کال اسسٹ کے آپشن میں “ٹیک اے میسج” منتخب کریں اور وہاں سے اس فیچر کو بند کر سکتے ہیں۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











