تعلیمی اداروں میں چھٹیوں سے متعلق بڑی خبر آگئی

Big News About Holidays in Educational Institutions
لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کی ہدایات پر قائم کمیٹی نے پنجاب بھر کے اسکولوں اور کالجوں کے لیے یکساں تعلیمی کیلنڈر نافذ کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
اس کے تحت ہر تعلیمی ادارے کو ہر سال لازمی طور پر 190 تدریسی دن مکمل کرنا ہوں گے۔ کمیٹی نے موسم گرما کی طویل چھٹیوں کو کم کرنے کی بھی تجویز دی ہے تاکہ نصاب بروقت مکمل ہو سکے۔
ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ موجودہ ڈھائی ماہ کی گرمیوں کی چھٹیاں کم کرکے صرف چھ ہفتے تک محدود کی جائیں۔ کمیٹی نے گزشتہ چار ماہ میں تین اجلاس کیے، اور تیسرے اجلاس میں سفارشات کو حتمی شکل دی۔ اجلاس لاہور میں ہوا جس کی صدارت سیکریٹری اسکول ایجوکیشن نے کی، جبکہ خصوصی سیکریٹری محمد اقبال نے اجلاس کی نگرانی کی۔
رپورٹ کے مطابق مجوزہ تعلیمی کیلنڈر میں سالانہ تعطیلات کی مجموعی تعداد 175 دن ہوگی، جبکہ تدریسی دن 190 مقرر کیے گئے ہیں۔ کمیٹی کا کہنا ہے کہ گزشتہ برسوں میں تعطیلات میں مسلسل اضافہ تعلیمی نظام کو متاثر کر رہا ہے، خاص طور پر اعلیٰ جماعتوں میں نصاب مکمل نہیں ہو پاتا، جس سے طلبہ کی تعلیمی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔
نجی تعلیمی اداروں کی تنظیموں نے بھی سفارشات کی حمایت کی ہے اور کہا ہے کہ یکساں اور متوازن تعلیمی کیلنڈر سے تعلیمی معیار بہتر ہوگا اور طلبہ کو نصاب مکمل کرنے میں آسانی ہوگی۔
سفارشات سامنے آنے کے بعد خصوصی سیکریٹری محمد اقبال نے پنجاب ایجوکیشن کریکولم اینڈ ٹیسٹنگ اتھارٹی (PECTA) اور ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشن (ایلیمنٹری و سیکنڈری) کو ہدایت دی ہے کہ تین دن کے اندر یکساں تعلیمی کیلنڈر تیار کیا جائے۔
واضح رہے کہ جسٹس جواد حسن نے تعلیمی اداروں میں تعطیلات میں اضافے کے خلاف دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران یہ کمیٹی قائم کی تھی۔ کمیٹی کی رپورٹ آئندہ سماعت میں عدالت کے سامنے پیش کی جائے گی، جس کے بعد تعلیمی کیلنڈر سے متعلق حتمی فیصلہ متوقع ہے۔
Catch all the تعلیم News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










