وزیر اعلیٰ سندھ کا گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر، ہر دکان دار کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان

Sindh Chief Minister announces reconstruction of Gul Plaza, Rs. 500,000 compensation for each shopkeeper
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ کی دوبارہ تعمیر کرنے اور ہر دکان دار کو پانچ لاکھ روپے دینے کا اعلان کردیا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سندھ اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کی وجہ سے سب غمزدہ ہیں، لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، 61 افراد کی لاشیں اور باقیات ملی ہیں، مجموعی طور پر 82 افراد لاپتہ تھے، ایک شخص مل گیا، 5افراد کو 2بار لاپتہ بتایا گیا، 82لاپتہ میں سے 61افراد کی لاشیں مل گئیں۔
انہوں نے کہا کہ 45افراد کا ڈی این اے ہوچکا، 9کا نہیں مل سکا، اب تک 15افراد لاپتہ ہیں، ہم نے سارے ریکارڈ کی سی سی ٹی وی سے تصدیق کی، واقعے کے 16منٹ بعد ڈی سی وہاں موجود تھے، کچھ لوگ قافلے کے ساتھ متاثرہ جگہ پر پہنچے، سانحہ گل پلازہ پر سیاست کی گئی، سانحے کے بعد کہا گیا کراچی کو وفاق کے حوالے کیا جائے، سانحے کے بعد 18ویں ترمیم پر بھی بات کی گئی۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سانحے پر کسی کو سیاست نہیں کرنی چاہیے، گل پلازہ کی لیز اس وقت کے ایم کیو ایم کے میئر نے منظور کی تھی، چھت پرپارکنگ، بیسمنٹ میں دکانوں کی منظوری بھی ایم کیو ایم کے دور میں ہوئی، ایسے سانحے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا بڑا جرم ہے، مجھے بتائیں 18ویں ترمیم سے اس طرح کے معاملات پر کیا اثر پڑے گا؟
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گل پلازہ میں تمام دکانیں دوبارہ بناکر دیں گے، سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ روپے دیں گے، حکومت کی طرف سے ہر دکاندار کو 5،5لاکھ روپے دیے جائیں گے، تاجروں کو دوبارہ آباد کیا جائے گا، انکوائری میں بہت کچھ سامنے آیا، ایوان میں بتا نہیں سکتا، ایف آئی آر درج ہوگی اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی ہوگی، کوئی سزا سے نہیں بچے گا، اگر میں ذمے دار ہوں تو مجھے بھی سزا ملے گی۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









