کراچی میں کتے کے کاٹنے کے کیسز میں خطرناک اضافہ، یکم جنوری سے اب تک 3 ہزار سے زائد متاثرین رپورٹ

Karachi: Stray dog bites over 20 people in the same area
کراچی: شہر میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرکاری اور نجی اسپتالوں کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال یکم جنوری سے اب تک کتے کے کاٹنے کے 3 ہزار 40 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔
اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں سے روزانہ بڑی تعداد میں متاثرہ افراد علاج کے لیے اسپتال پہنچ رہے ہیں۔ جناح اسپتال میں یکم جنوری سے اب تک 700 سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ سول اسپتال میں یہ تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔
حکام کے مطابق اسٹیڈیم روڈ پر واقع ایک نجی اسپتال میں بھی کتے کے کاٹنے کے 20 کیسز سامنے آئے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مسئلہ صرف سرکاری اسپتالوں تک محدود نہیں بلکہ نجی اسپتالوں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گلی محلوں اور سڑکوں پر آوارہ کتوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، لیکن بلدیاتی ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام نظر آ رہے ہیں۔ کئی علاقوں میں رات کے وقت لوگوں کا گھروں سے نکلنا مشکل ہو چکا ہے، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ کتے کے کاٹنے کی صورت میں فوری طور پر زخم کو پانی سے دھونا اور فوراً قریبی اسپتال سے ریبیز ویکسین لگوانا انتہائی ضروری ہے، کیونکہ بروقت علاج نہ ہونے کی صورت میں ریبیز جیسی خطرناک بیماری جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










