مَین کے بینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر نجی مسافر طیارہ حادثے کا شکار

Tragic news! Passenger plane crashes, fears of casualties
امریکی ریاست مَین میں ایک افسوسناک فضائی حادثہ پیش آیا، جہاں بینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے پرواز بھرنے کے دوران ایک نجی مسافر طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا۔ یہ واقعہ 25 جنوری کی شام تقریباً پونے آٹھ بجے پیش آیا، جب طیارہ ٹیک آف کی تیاری کر رہا تھا۔ طیارے میں مجموعی طور پر آٹھ افراد سوار تھے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا طیارہ بومبارڈیئر چیلنجر 600 تھا۔ ٹیک آف کے فوراً بعد طیارے میں خرابی پیدا ہوئی اور وہ رن وے پر ہی گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی جس سے صورتحال مزید سنگین ہو گئی۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ بینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے تصدیق کی کہ ایئرپورٹ پر ہنگامی اقدامات کیے گئے اور رن وے کو فوری طور پر بند کر دیا گیا۔ عوام کو ہدایت کی گئی کہ وہ ایئرپورٹ کا رخ نہ کریں تاکہ امدادی کارروائیوں میں رکاوٹ نہ آئے۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن اور نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ مَین اسٹیٹ پولیس بھی تفتیشی عمل میں تعاون کر رہی ہے۔ حکام کے مطابق حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے طیارے کے تکنیکی ریکارڈ اور فلائٹ ڈیٹا کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طیارہ ٹیکساس سے پرواز کے بعد بینگر پہنچا تھا اور وہاں سے دوبارہ روانگی کی تیاری کر رہا تھا۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ فلائٹ ریڈار 24 نے بھی تصدیق کی ہے کہ طیارہ روانگی کے چند لمحوں بعد ہی حادثے کا شکار ہوا۔
واضح رہے کہ بینگر انٹرنیشنل ایئرپورٹ ایک مشترکہ سول اور فوجی ہوائی اڈہ ہے، جو ریاست مَین کے اہم ایئرپورٹس میں شمار ہوتا ہے۔ اس حادثے کے بعد ایئرپورٹ پر سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور مکمل رپورٹ آنے تک پروازوں میں محدود سرگرمی جاری رہے گی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










