اقوامِ متحدہ میں پاکستان کا مؤقف: بھارت نے جارحیت کی، پاکستان نے حقِ دفاع استعمال کیا

Pakistan calls on the UN Security Council to ban the outlawed BLA
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان نے مئی 2025 میں بھارتی جارحیت کے جواب میں اقوامِ متحدہ کے منشور کے مطابق اپنے فطری حقِ دفاع کا استعمال کیا۔
سلامتی کونسل کے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ یک طرفہ اقدامات اقوامِ متحدہ کے منشور کے خلاف ہیں اور ایسے اقدامات اجتماعی سلامتی کے نظام کو کمزور کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کوششیں کثیرالجہتی اداروں کی ساکھ کو نقصان پہنچاتی ہیں اور بدقسمتی سے پاکستان خود بھی ایسے غیر قانونی اقدامات کا سامنا کر چکا ہے۔
پاکستانی مندوب نے واضح کیا کہ مئی 2025 میں بھارت نے بلااشتعال عسکری جارحیت کی، جو بین الاقوامی قانون اور پاکستان کی خودمختاری کی کھلی خلاف ورزی تھی۔
عاصم افتخار نے کہا کہ یو این منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت پاکستان کو اپنے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، اور پاکستان نے اسی قانونی حق کے تحت کارروائی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جبر، طاقت یا استثنیٰ کی بنیاد پر قائم ہونے والا کوئی بھی “نیا معمول” دنیا کے لیے قابلِ قبول نہیں ہو سکتا۔ ایسے رویے عالمی امن کے لیے خطرہ ہیں۔
پاکستان کے مستقل مندوب کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کو چاہیے کہ وہ اپنی قراردادوں پر مؤثر عمل درآمد کے لیے مضبوط اور شفاف نظام قائم کرے۔
انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ سلامتی کونسل کو بین الاقوامی عدالتِ انصاف کے ساتھ زیادہ منظم اور مستقل رابطہ رکھنا چاہیے تاکہ عالمی قوانین کا بہتر نفاذ ممکن ہو سکے۔
Catch all the پاکستان News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











